کراچی میں ڈکیتی کی کوشش ناکام؛ مبینہ پولیس مقابلے میں 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار
کراچی میں ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی گئی، ڈیفنس فیز فائیو کے گھر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران چاروں ملزمان زخمی حالت میں گرفتارکر لیے گئے، پولیس نے ملزمان سے اسلحہ اور گیارہ لاکھ اور چوری شدہ سامان برآمد کر لیا۔
کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھر میں ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، گزری تھانے کی حدود ڈیفنس فیز فائیو گھر میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت ہوگئی، گرفتار ملزمان میں بختیار، معظم بٹ، عدنان کاشف اور مبشر شامل ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ ملزمان سے 4 پستول، نقدی اور دو لیڈیز پرس بھی برآمد ہوئے، ملزمان بنگلے کے اندر ڈکیتی کی واردات کر رہے تھے، اطلاع پر پولیس پہنچی تو مقابلہ ہوا، چاروں ملزمان زخمی حالت میں گرفتار ہوئے۔
ایس ایس پی مہزور علی کے مطابق ملزمان سے 11 لاکھ روپے کی رقم اور گھر سے چوری کیا گیا سامان برآمد ہوا۔
پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے پولیس پارٹی کی پیشہ ورانہ مہارت اور دلیری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کیش انعام کے ساتھ تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔