Aaj News

پیر, جون 16, 2025  
19 Dhul-Hijjah 1446  

خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کا اسکول بس میں دھماکا، بچوں سمیت 5 افراد شہید

بزدلانہ حملہ بھارت کےدہشتگردنیٹ ورک نےاپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروایا،آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 22 مئ 2025 12:05am

بلوچستان کے ضلع خضدار میں ایک اسکول بس کو دہشت گردانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں تین معصوم بچوں سمیت پانچ افراد شہید ہو گئے۔شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج صبح خضدار میں اسکول بس پر حملہ کیا گیا جس میں 47 بچے سوار تھے اور اس افسوسناک واقعے میں 3 بچے شہید ہوئے۔ زخمیوں کی تعداد 39 ہے جن میں 8 کی حالت تشویش ناک ہے۔

آئی ایس پی آر نے اس بزدلانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی حمایت یافتہ دہشت گردوں کی طرف سے کیا گیا ہے۔

ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ خضدار میں اسکول جانے والے بچوں کی بس کو نشانہ بنایا گیا جو ایک المناک اور بزدلانہ اقدام ہے۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بھارت میدان جنگ میں شکست کھانے کے بعد ایسے گھناؤنے اور بزدلانہ واقعات کے پیچھے ہے، اور یہ حملے بھارت کے دہشت گرد نیٹ ورک نے اپنی پراکسی تنظیموں کے ذریعے کروائے ہیں۔

پاکستانی فورسز نے واقعے کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز جاری رکھے جائیں گے اور ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

خضدار حملہ: دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارت کا مسخ شدہ چہرہ ہے، سیکیورٹی ذرائع

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تمام واقعات کے پس پردہ بھارت کا گھناؤنا اور مسخ شدہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے جیسی بزدلانہ کارروائیوں پر اتر آیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خضدار میں اسکول کے بچوں کو لے جانے والی بس پر حملہ بھارتی سرپرستی میں کیا گیا۔ اس بھیانک حملے کی منصوبہ بندی بھارت میں کی گئی، جسے بلوچستان میں سرگرم اس کی پراکسی تنظیموں نے عملی جامہ پہنایا۔

ذرائع کے مطابق بھارت نے یہ حملہ اس معرکۂ حق میں اپنی عبرتناک شکست کے بعد انتقامی جذبے کے تحت کروایا۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کے لیے پراکسیز کے ذریعے دہشت گردی کا نیٹ ورک استعمال کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے اندرونی امن کو نقصان پہنچانا ہے۔ تاہم، سیکیورٹی فورسز مکمل چوکنا ہیں اور دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ISPR

Blast

khuzdar

School Bus

Indian terror proxies