Aaj News

اتوار, جون 15, 2025  
18 Dhul-Hijjah 1446  

لانڈھی نمبر 4 میں آئل ٹینکر الٹ گیا، ہزاروں لیٹر تیل ضائع، ڈرائیور گرفتار

ٹینکر کو ہٹانے سے پہلے مکمل طور پر خالی کیا گیا
اپ ڈیٹ 22 مئ 2025 11:07am

کراچی کے علاقے لانڈھی نمبر 4 کے قریب صبح پانچ بجے کے قریب ایک آئل ٹینکر الٹنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث علاقے میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔ حادثے کے فوراً بعد پولیس اور رینجرز موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کو مکمل طور پر سیل کر کے عوام کو دور کر دیا۔

پولیس کے مطابق ٹینکر میں 50 ہزار لیٹر کروڈ آئل موجود تھا، جس میں سے تقریباً آدھا تیل سڑک پر بہہ گیا جبکہ باقی تیل کو دوسرے ٹینکر میں منتقل کر دیا گیا۔ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود رہی۔

ٹینکر کو کرین کی مدد سے سیدھا کیا گیا اور بعد ازاں ہٹا دیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث پیش آیا۔ پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق آئل ٹینکر پورٹ قاسم سے کورنگی کراسنگ کی طرف جا رہا تھا کہ راستے میں یہ حادثہ پیش آیا۔ خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم تیل کے ضیاع کے باعث سڑک پر پھسلن اور ماحولیاتی آلودگی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس پر قابو پانے کے لیے صفائی کا عمل جاری ہے۔

karachi

landhi

Oil Tanker Accident