Aaj News

منگل, جولائ 08, 2025  
13 Muharram 1447  

ایران میں فردو جوہری تنصیب کے قریب زلزلے کے جھٹکے

اسرائیل کے تین اہم ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے
شائع 16 جون 2025 09:45am

ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اپنے چوتھے روز میں داخل ہوگئی ہے، اسی دوران ایران کے فردو نیوکلیئر پلانٹ کے قریب زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جن کے باعث زمین میں جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 2.5 ریکارڈ کی گئی۔

ایران انٹرنیشنل انگلش کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز میں دکھایا گیا کہ یہ دھماکے قم شہر سے تقریباً 20 کلومیٹر دور پیش آئے۔ ان دھماکوں نے ایران کے جوہری پروگرام کے تحفظ پر عالمی سطح پر نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔

اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے “انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے تنازع کے پہلے روز، جمعے کو، فردو کی یورینیم افزودگی کی تنصیب پر حملہ کیا تھا۔

گروسی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو بتایا کہ ’ایرانی حکام نے ہمیں فردو اور اصفہان کی دیگر دو تنصیبات پر حملوں سے بھی آگاہ کیا ہے، جہاں ایندھن کی پلیٹوں کی تیاری، یورینیم کی تبدیلی اور ایندھن کی تیاری کے مراکز موجود ہیں‘۔

اس سے قبل اسرائیل نے نطنز کی افزودگی تنصیب کو نشانہ بنایا تھا، جب کہ الگ حملوں میں اصفہان کے جوہری کمپلیکس اور یورینیم تبدیلی مرکز کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔

اس طرح اسرائیل دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے جس نے ایران کے تینوں بڑے ایٹمی مقامات — نطنز، اصفہان اور فردو — کو ایک ہی تنازع میں نشانہ بنایا ہے۔

اسرائیلی نشریاتی ادارے ”کان نیوز“ کے مطابق، سیٹلائٹ تصاویر سے ظاہر ہوا ہے کہ نطنز افزودگی تنصیب کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس میں وہاں کا بجلی گھر بھی شامل ہے۔

ادھر تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک ایرانی بیلسٹک میزائل نے اسرائیلی شہر حیفہ میں قائم تیل کی ریفائنری کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ حملہ ایک روز بعد کیا گیا جب اسرائیلی فضائی حملوں نے ایران کی توانائی اور جوہری تنصیبات کو ہدف بنایا تھا، جس سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی نئی شدت اختیار کر گئی ہے۔

Iran Israel War

ISRAELI ATTACK ON IRAN

Israel Iran tensions

Iranian Nuclear Site