عرفات منہاس کا یادگار ڈیبیو، پاکستان کی پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست
پاکستان نے آسٹریلیا کو تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں پانچ وکٹوں سے شکست دے کر ایک-صفر کی برتری حاصل کر لی ہے۔ یہ میچ مختلف حوالوں سے دلچسپ رہا، قومی ٹیم نے اس میچ میں ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے کا اہم سنگِ میل عبور کیا جب کہ نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس بھی ڈیبیو پر پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا قومی بولرز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔
آسٹریلوی ٹیم پاکستانی بولنگ کے سامنے مشکلات کا شکار رہی اور 45 ویں اوور میں 200 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
نوجوان آل راؤنڈر اور ڈیبیو بوائے عرفات منہاس کی شاندار بولنگ نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن کو چکرا کر رکھ دیا اور اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کیریئر کے پہلے ہی میچ کو یادگار بنا دیا۔
کینگروز کو پہلا نقصان الیکس کیری کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 19 رنز بنا کر ابرار احمد کا شکار بنے۔ اس کے بعد ڈیبیو کرنے والے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس نے آسٹریلوی بیٹنگ لائن پر تابڑ توڑ حملہ کرتے ہوئے میچ کا نقشہ بدل دیا۔
عرفات منہاس نے پہلے آسٹریلوی کپتان جوش انگلس کو 13 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا، پھر مارنس لبوشین اور کیمرون گرین کو بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس بھیج دیا۔
آسٹریلیا کے اوپنر میتھیو شارٹ نے مزاحمت کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، تاہم پھر وہ بھی عرفات منہاس کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہو گئے۔
بعد ازاں سلمان علی آغا نے اولیور پیک کی وکٹ حاصل کی جب کہ ابرار احمد نے میتھیو رینشا کو اپنا دوسرا شکار بنایا۔
میچ کے 43ویں اوور میں عرفات منہاس نے نیتھن ایلس کو بولڈ کر کے اپنے کیریئر کی پانچویں وکٹ حاصل کی اور یوں وہ ون ڈے ڈیبیو پر پانچ وکٹیں لینے والے پاکستان کے پہلے کرکٹر بن گئے۔
باقی ماندہ دو وکٹیں حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے حاصل کیں اور یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 200 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے پانچ، ابرار احمد نے دو جب کہ شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کے 201 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور 43ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کر لیا۔
بابر اعظم اور غازی غوری نے نصف سنچریاں اسکور کر کے ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔ بابر اعظم 69 رنز جب کہ غازی غوری 65 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
عرفات منہاس نے آخری گیند پر چھکا لگا کر پاکستان کی جیت پر مہر لگائی اور بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار پائے۔
میچ سے قبل پاکستانی ٹیم کے منیجر نوید اکرم نے عرفات منہاس کو ڈیبیو کیپ پیش کی۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹنگ اسٹاف نے نوجوان کرکٹر کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
راولپنڈی میں جاری اس میچ کی ایک اور تاریخی اہمیت یہ بھی تھی یہ کہ پاکستان کے لیے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا 1000واں میچ تھا۔ اس سنگِ میل کے ساتھ قومی ٹیم ایک ہزار ون ڈے میچز کھیلنے والی دنیا کی تیسری ٹیم بن گئی ہے۔
اس سے قبل بھارت اور آسٹریلیا یہ اعزاز حاصل کر چکے ہیں۔ بھارت فروری 2022 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنا 1000واں ون ڈے کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کرنے والی پہلی ٹیم بنی تھی، جبکہ آسٹریلیا ایک ہزار میچز کا سنگ میل عبور کرنے والی دوسری ٹیم ہے۔
میچ سے قبل دونوں ٹیموں کی جانب سے خوشگوار منظر بھی دیکھنے میں آیا جب آسٹریلوی ٹیم کے منیجر نے پاکستانی ڈریسنگ روم کا دورہ کیا اور عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر دونوں ٹیموں کے عہدیداروں کے درمیان تحائف کا تبادلہ بھی ہوا۔
تین میچوں کی سیریز کا پہلا میچ راولپنڈی میں کھیلا جا رہا ہے، جبکہ دوسرا اور تیسرا ون ڈے 2 اور 4 جون کو لاہور میں ہوگا۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔