Aaj News

جمعرات, جولائ 17, 2025  
21 Muharram 1447  

دنیا امریکا کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے، زوال پذیر سلطنتوں سے سبق سیکھے: چینی صدر کا دوٹوک پیغام

تاریخ نے ثابت کیا کہ ہر سلطنت کو زوال کا سامنا کرنا پڑا، چینی صدر
شائع 17 جون 2025 03:09pm

چینی صدر شی جن پنگ نے عالمی طاقتوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا اب امریکا کے بغیر بھی آگے بڑھ سکتی ہے، اور اگر امریکا نے دنیا کا احترام کھو دیا تو وہی انجام دیکھے گا جو ماضی کی زوال پذیر سلطنتوں کا ہوا۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ہر طاقتور سلطنت نے خود کو ناقابلِ شکست سمجھا، مگر ہر ایک کا سورج آخرکار غروب ہوا۔ انہوں نے کہا کہ آج سے 100 سال پہلے برطانوی سلطنت عالمی تجارت پر چھائی ہوئی تھی، لوگ سمجھتے تھے کہ اس سلطنت کا سورج کبھی غروب نہیں ہوگا، لیکن وہ وقت بھی آیا جب برطانیہ عالمی منظرنامے سے پیچھے ہٹ گیا۔

شی جن پنگ نے مزید کہا کہ 200 سال قبل فرانس یورپ کے افق پر غالب تھا، اور ایک وقت تھا جب ہسپانوی تخت و تاج منیلا سے لے کر میکسیکو تک حکومت کر رہا تھا۔ ہسپانوی بادشاہ یہ سمجھتے تھے کہ ان کی عظمت ہمیشہ قائم رہے گی، لیکن تاریخ نے ثابت کیا کہ ہر سلطنت کو زوال کا سامنا کرنا پڑا۔

چینی صدر کا کہنا تھا کہ اگر امریکا یہ سمجھتا ہے کہ وہ عالمی سیاست و معیشت میں ہمیشہ کے لیے ناگزیر ہے، تو وہ ماضی کی ان سلطنتوں سے سبق لے۔ وقت بدلتا ہے اور قومیں بدلتی ہیں، جو قوم دنیا کا احترام نہیں کرتی، وہ خود اپنے زوال کی راہ ہموار کرتی ہے۔

Chinese President Xi Jinping