Aaj News

بدھ, جولائ 09, 2025  
14 Muharram 1447  

مہاجر ہونا جرم نہیں، کربناک مجبوری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا پیغام

جنگیں ختم ہو جاتی ہیں، لیکن مہاجرین کی بے گھری ان کی نسلوں تک ساتھ رہتی ہے، مریم نواز کا پناہ گزین افراد کے عالمی دن پرپیغام
شائع 20 جون 2025 01:22pm
فائل فوٹیج
فائل فوٹیج

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پناہ گزین افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر ہونا کوئی جرم نہیں، یہ ایک کربناک مجبوری ہے، کوئی بھی شخص شوق سے پناہ گزین نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ انسان جب اپنی زندگی بچانے پر مجبور ہو جائے تو اُسے اپنا آنگن، اپنی مٹی اور اپنی چھت تک چھوڑنی پڑتی ہے۔ جنگیں ختم ہو جاتی ہیں، لیکن مہاجرین کی بے گھری ان کی نسلوں تک ساتھ رہتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے فلسطین اور شام کے بے گھر مہاجرین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ انسانیت کے لیے ایک کڑا امتحان ہیں۔ دنیا کو سمجھنا ہوگا کہ پناہ مانگنے والا کمزور نہیں بلکہ مظلوم ہوتا ہے۔ ایسے افراد کے ساتھ ہمدردی، تعاون اور عزت کے ساتھ پیش آنا دنیا بھر کے انسانوں کی مشترکہ انسانی ذمہ داری ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مظلوموں کی آواز بلند کی ہے اور مہاجرین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی روایت برقرار رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مستقبل میں بھی مہاجرین کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے دعا کی کہ دنیا میں امن قائم ہو، ظلم کا خاتمہ ہو اور ہر انسان کو چین و سکون نصیب ہو۔

cm punjab

World Refugee Day

CM Punjab Maryam Nawaz

Refugee