پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے، جس میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں قیام امن، دوطرفہ تعاون، اور عالمی امور پر تفصیل سے گفتگو کی۔ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں امن کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کی پیشکش کر دی۔ امریکی وزیرخارجہ نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاک-بھارت جنگ کے خطرے کو ٹالنے میں امریکی کردار کو سراہا۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات کو حوصلہ افزا قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایران اسرائیل بحران کے پرامن حل کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن کی ہر کوشش میں تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ٹرمپ کے پاکستان سے متعلق مثبت بیانات جنوبی ایشیا میں امن کیلئے حوصلہ افزا ہیں اور پاکستان بھارت سے تمام تصفیہ طلب امور پر بامعنی مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر، سندھ طاس معاہدہ، تجارت اور انسداد دہشتگردی پر بھی بات چیت ہونی چاہیے۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، آئی ٹی اور معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
وزیراعظم نے کالعدم بی ایل اے، کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ملک بھر سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ علاقائی اور عالمی امن کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
مارکو روبیو نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کرنے پر زور دیا اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی حالیہ ملاقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے امریکی صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت ایک بار پھر دہرائی۔ ساتھ ہی وزیر خارجہ مارکو روبیو کو بھی جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے باہمی تعاون کو عملی شکل دینے پر اتفاق کیا۔
Comments are closed on this story.