Aaj News

اتوار, جولائ 13, 2025  
17 Muharram 1447  

صنف نازک نہیں صنف آہن، آمریت کے خلاف جدوجہد کی مثال بینظیر کون؟

بے نظیر بھٹو نہ صرف ایک باہمت لیڈر تھیں بلکہ جمہوریت، مساوات اور عوامی خدمت کی روشن علامت بن کر ابھریں
شائع 21 جون 2025 01:35pm
Benazir Bhutto’s 72nd Birth Anniversary Today | Pakistan News

پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم اور تاریخ ساز سیاسی رہنما محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی 72ویں سالگرہ آج عقیدت، احترام اور خراجِ تحسین کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ دختر مشرق کہلانے والی بے نظیر بھٹو نہ صرف ایک باہمت لیڈر تھیں بلکہ جمہوریت، مساوات اور عوامی خدمت کی روشن علامت بن کر ابھریں۔

21 جون 1953 کو کراچی میں پیدا ہونے والی بے نظیر بھٹو نے ابتدائی تعلیم پاکستان میں حاصل کی، جب کہ اعلیٰ تعلیم کے لیے ہاروڈ اور آکسفورڈ یونیورسٹی کا انتخاب کیا۔ وہ اپنے والد، قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے نقش قدم پر چلتے ہوئے سیاسی جدوجہد کے میدان میں اتریں۔

1979 میں والد کی پھانسی کے بعد انہیں قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بینظیر بھٹو نے آمریت کے آگے جھکنے سے انکار کیا اور جمہوری تحریک کی قیادت کی۔ 1986 میں وطن واپسی کے موقع پر لاہور ایئرپورٹ پر ان کا تاریخی استقبال پاکستان کی سیاسی تاریخ کا بڑا منظر بنا۔

1987 میں ان کی شادی آصف علی زرداری سے ہوئی، اور صرف ایک سال بعد 1988 کے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے وہ اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئیں۔ ان کی حکومت کو 1990 میں برطرف کیا گیا لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور 1993 میں دوبارہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالا۔ مگر 1996 میں ایک بار پھر ان کی حکومت ختم کر دی گئی۔

اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم شہید بینظیر بھٹو کی 72ویں سالگرہ، قومی قیادت کا خراجِ عقیدت

18 اکتوبر 2007 کو وطن واپسی کے موقع پر ان کے قافلے پر دہشت گرد حملہ ہوا، جس میں وہ تو محفوظ رہیں لیکن کئی پارٹی کارکنان شہید ہوئے۔ 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی کے لیاقت باغ میں ایک انتخابی جلسے کے بعد وہ ایک خودکش حملے کا نشانہ بنیں اور شہید کر دی گئیں۔

محترمہ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کی بحالی کے لیے وقف کر دی۔ آج بھی ان کی فکر، جدوجہد اور قربانی نئی نسلوں کے لیے مثال اور مشعلِ راہ ہے۔ دخترمشرق محترمہ بے نظیر بھٹو تاریخ میں ہمیشہ ناقابل فراموش رہیں گی۔

benazir bhutto

birthday

Pakistan People's Party (PPP)

DukhtarEMashriq

ShaheedBenazir