Aaj News

منگل, جولائ 08, 2025  
13 Muharram 1447  

اسلام آباد، راولپنڈی اور مختلف اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، نظام زندگی متاثر

محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کی ہے
شائع 22 جون 2025 12:27am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد، راولپنڈی اور ملک کے مختلف اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس سے نظام زندگی متاثر ہوا ہے، جبکہ ہری پور اور سوات میں آندھی، ژالہ باری اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف اضلاع میں بادل برس پڑے، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا لیکن نظام زندگی درہم برہم ہو گیا۔ ٹیکسلا میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ ہری پور میں آندھی، بارش اور ژالہ باری نے عوامی زندگی کو شدید متاثر کیا۔

ہری پور کے مختلف مقامات پر درخت اور سائن بورڈ گرنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ سوات کے علاقے مینگورہ، مالم جبہ اور کالام میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جب کہ مالاکنڈ اور باڑہ میں بھی خوب برسات ہوئی۔

شانگلہ کے بشام، الپوری اور دیگر سیاحتی مقامات پر بھی ہلکی پھلکی بارش نے سیاحوں کا دل خوش کر دیا۔ پلندری میں بھی جم کر بارش ہوئی جس سے علاقوں میں ہلکی سی سیلابی صورتحال پیدا ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے مزید دو روز تک وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ضرورت ہے۔

rainy weather

Weather Updates