Aaj News

جمعرات, جولائ 17, 2025  
21 Muharram 1447  

خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

پی ڈی ایم اے 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی
اپ ڈیٹ 06 جولائ 2025 08:50pm

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب اور خیبرپختونخوا نے صوبوں کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔

خیبرپختونخوا

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے حالیہ بارشوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق صوبے میں بارشوں اور فلش فلڈ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہو گیا۔

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران موسلادھار بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث مختلف بونیر، ملاکنڈ اور مانسہرہ میں حادثات پیش آئے، جاں بحق افراد میں ایک مرد، 2 خواتین اور 2 بچے جبکہ زخمیوں میں 1 بچہ شامل ہے جبکہ حادثات کے دوران ایک گھر منہدم ہو گیا۔

پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے جبکہ بارشوں کا سلسلہ 11 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے نے پہلے ہی سے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے مراسلہ جاری کر رکھا ہے۔

خیبرپختونخوا میں مون سون کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کی تیاری

ادھر خیبرپختونخوا میں مون سون کے دوران شدید بارشوں کے باعث سیلاب یا لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے خیبرپختونخوا کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کو ضروری الات اور ریلیف سامان فراہم کر دیا، سامان میں 400 لائف سیونگ جیکٹس، ایک ہزار سرچ لائٹس اور 150 حفاظتی رینگ پر مشتمل امدادی سامان حوالہ کردیا گیا۔

پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ڈائریکٹر امجد خان کہنا ہے کہ ریسکیو اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو فراہم کردہ امدادی سامان کسی بھی حادثات میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران حادثات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری اور اداروں کے درمیان قریبی رابطہ نہایت اہم ہے، ریسپانس یونٹس کو ہر ممکن وسائل فراہم کردیا ہے۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے نے کا کہنا ہے کہ مون سون کے دوران محتاط رہیں اور موسمی ایڈوائزری پر عمل کریں۔

پنجاب

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے۔ راولپنڈی اور گجرانوالہ میں بوسیدہ عمارات گرنے سے 2 شہری جاں بحق ہوئے، جن میں ایک خاتون اور ایک بچی شامل ہے جبکہ بارشوں کے باعث 2 مخدوش اور کچے مکانات بھی متاثر ہوئے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی ہے اور کہا ہے کہ شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جاں بحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، گزارش ہے کہ خراب موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے بوسیدہ اور خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے

پنجاب کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے، ساہیوال، وہاڑی، میاں چنوں، میلسی، جہانیاں، خانیوال، کیبروالا سمیت مختلف شہروں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

متعدد شہروں میں بارش ہوتے ہی فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی، آندھی کے بعد بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، جس کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے سے سڑکیں اورگلیاں تلاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔

خیبر پختونخوا

punjab

PDMA

Punjab rain

Rain prediction

rain predicted

PDMA Report

kpk rain and flood

flood disaster