ایئرپورٹس پر مسافروں کی آف لوڈنگ؛ ایف آئی اے کی وضاحت جاری

صرف انہی مسافروں کو آف لوڈ کیا جاتا ہے جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہ ہوں، ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور
شائع 01 دسمبر 2025 05:42pm

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کو ایئرپورٹ پر آف لوڈ کرنے سے متعلق خبروں پر وضاحت جاری کر دی ہے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے لاہور زون محمد علی ضیا نے کہا ہے کہ صرف انہی مسافروں کو آف لوڈ کیا جاتا ہے جن کے پاس مطلوبہ دستاویزات نہ ہوں۔

ایف آئی اے لاہور زون کے ڈائریکٹر کیپٹن (ر) محمد علی ضیا نے ایئرپورٹس پر مسافروں کو آف لوڈ کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنے والے شہری بِلاخوف ایئرپورٹس پر آئیں اور بے بنیاد خبروں اور پراپیگنڈے پر کان نہ دھریں۔

ڈائریکٹر لاہور زون نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ روزانہ مختلف ایئرپورٹس سے مسافر بیرون ملک روانہ ہوتے ہیں، اور انکے ساتھ ایئرپورٹس پر مکمل تعاون کیا جاتا ہے۔ اِن میں ڈی پورٹ ہونے والے مسافروں کی شرح 0.6 فیصد ہے۔

انہوں نے کہا کہ بےبنیاد الزامات کا مقصد محض ملکی اداروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش ہے۔ انکا کہنا تھا کہ سفری دستاویزات مکمل نہ ہونے اور ایس او پیز پر پورا نہ اترنے والے مسافر ہی ڈی پورٹ یا آف لوڈ ہوتے ہیں۔ مکمل دستاویزات رکھنےوالوں کیلئےکوئی روک ٹوک نہیں ہے۔

AAJ News Whatsapp


واضح رہے کہ گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر یہ خبریں وائرل ہیں کہ ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کو مختلف اعتراضات کی بنا پر آف لوڈ کیا جارہا ہے۔

صحافی مطیع اللہ جان نے ایکس پر ایک شخص کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس کا دعویٰ ہے کہ اسے بغیر کوئی وجہ بتائے بیرونِ ملک جاتے ہوئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر آف لوڈ کردیا گیا ہے۔

جمعیت علمائے پاکستان کے رہنما اویس نورانی سے منسوب ایکس اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں الزام عائد کیا گیا کہ ‘تمام دستاویزات اور تقاضے مکمل ہونے پر بھی ستر ہزار سے دو لاکھ روپے تک قیمت وصول کی جا رہی ہے۔‘


اس سے قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس وقت مسافروں کی آف لوڈنگ کا ایک اہم مسئلہ چل رہا ہے۔ ایف آئی سے کہہ دیا ہے کہ آف لوڈ ہونے والے مسافروں سے متعلق تفصیلات میڈیا سے شیئر کی جائیں۔

انہوں نے گزشتہ دنوں اسلام آباد ایئرپورٹ کے دورے کے موقع پر پیش آنے والے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ‘ایک شخص ڈرائیونگ کی نوکری کیلئے سعودی عرب جارہا تھا۔ جب اس سے معلوم کیا تو اسکے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہی موجود نہیں تھا۔ اسے گاڑی میں بٹھایا گیا تو اسے گاڑی اسٹارٹ کرنا بھی نہیں آرہی تھی’۔


محسن نقوی نے کہا کہ انہوں نے کہا کہ یہ مہم ایجنٹ مافیا چلارہا ہے۔ لوگوں کو جعلی دستاویزات پر بیرون ملک بھیجنے والے ایجنٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بحیثیت صحافی تنقید پر یقین رکھتا ہوں لیکن سوشل میڈیا پر غلط خبر چلنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ وزارتِ اطلاعات اور این سی سی آئی سوشل میڈیا پر بڑا کریک ڈاؤن کرے گی، اور جو لوگ باہر بیٹھ کر ریاست کیخلاف باتیں کر رہے ہیں انہیں بھی واپس لائیں گے۔

FIA

visa

interior ministry

mohsin naqvi

Immigration

Offloading