نیٹ فلکس کا وارنر برادرز اور ایچ بی او کو 82.7 ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ
اسٹریمنگ کی دنیا کا دیوقامت ادارہ نیٹ فلکس نے وارنر برادرز، ایچ بی او اور ایچ بی او میکس کو خریدنے کا تاریخی معاہدہ کر لیا ہے، جس کی مالیت تقریباً 82.7 ارب ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
نیٹ فلکس نے وارنر برادرز ڈسکوری (ڈبلیو بی ڈی) کے ساتھ حتمی معاہدہ کر لیا ہے، جس کے تحت فلم اسٹوڈیوز، ٹی وی اسٹوڈیوز، ایچ بی او اور اس کی اسٹریمنگ سروس ایچ بی او میکس نیٹ فلکس کے ماتحت آجائیں گے۔ معاہدے کی مجموعی ویلیو 82.7 ارب ڈالر (71 ارب یورو) رکھی گئی ہے اور توقع ہے کہ ڈیل کی تکمیل 2026 میں نیٹ ورک ڈویژن کی علیحدگی کے بعد ہوگی۔
اس معاہدے کے مطابق ڈبلیو بی ڈی کے شیئر ہولڈرز کو فی شیئر 23.25 ڈالر نقد اور 4.50 ڈالر نیٹ فلکس کے شیئرز کی صورت میں ملیں گے، جس سے کمپنی کی کل ایکویٹی ویلیو تقریباً 72 ارب ڈالر بنتی ہے۔
ڈیل کی تکمیل ڈبلیو بی ڈی کی ”گلوبل نیٹ ورکس“ ڈویژن کی علیحدگی کے بعد ہوگی، جسے نئے عوامی ادارے ”ڈسکوری گلوبل“ کے نام سے 2026 کی تیسری سہ ماہی میں لانچ کیے جانے کی توقع ہے۔ خریداری 12 سے 18 ماہ بعد ریگولیٹری اور شیئر ہولڈر منظوری کے ساتھ مکمل ہوگی۔
اس معاہدے کے بعد ہالی وُڈ کے معروف اسٹوڈیو وارنر برادرز کے تحت موجود مقبول فرنچائزز ، جیسے گیم آف تھرونز، فرینڈز، ہیری پوٹر، دی سپرانوز، دی بگ بینگ تھیوری اور ڈی سی یونیورس، نیٹ فلکس کی مشہور اوریجنلز لائن اپ اسٹرینجر تھنگز، منی ہیسٹ، اسکوئڈ گیم اور بریجَرٹن کے ساتھ ایک ہی کارپوریٹ چھت تلے آجائیں گی۔
نیٹ فلکس نے واضح کیا ہے کہ وارنر برادرز کی تھیٹر ریلیز سمیت موجودہ آپریشنز برقرار رکھے جائیں گے جب کہ اپنی عالمی اسٹریمنگ رسائی سے اسٹوڈیو کے مواد کی رسائی بڑھائی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ایچ بی او اور ایچ بی او میکس کو نیٹ فلکس کی مستقبل کی پیشکشوں میں “تکمیلی” حیثیت دی جائے گی۔
نیٹ فلکس نے تین سال کے اندر سالانہ دو سے تین ارب ڈالر کی بچت کا ہدف بھی رکھا ہے جب کہ ڈیل کے دو سال بعد کمپنی کی فی شیئر آمدنی میں اضافے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
دوسری جانب ڈسکوری گلوبل، جو نیٹ فلکس کے معاہدے کا حصہ نہیں، ڈبلیو بی ڈی کے اسپورٹس اور روایتی ٹی وی بزنس جیسے سی این این، ٹی این ٹی اسپورٹس اور ڈسکوری چینلز کو برقرار رکھے گی۔ یورپی فری ٹو ایئر چینلز، ڈسکوری پلس اور بلیچر رپورٹ بھی اسی ڈویژن کے تحت رہیں گے۔
معاہدہ کئی ماہ کے مذاکرات کے بعد پایہ تکمیل کو پہنچا، جس میں پیراماؤنٹ اور کامکاسٹ بھی شامل تھے۔ ڈبلیو بی ڈی کے بورڈ نے بالا آخر نیٹ فلکس کی زیادہ تر نقد پر مبنی پیشکش کو ترجیح دی۔ ڈیل اب امریکا، یورپ اور دیگر خطوں کے ریگولیٹرز کی جانب سے سخت جانچ کے عمل سے گزرے گی کیوں کہ نیٹ فلکس اور ایچ بی او جیسے بڑے پلیٹ فارمز کی شراکت پر مارکیٹ میں مقابلے کے حوالے سے تحفظات سامنے آرہے ہیں۔
















