بی بی سی نیوز اردو کا نیا پروگرام ’جہاں نما‘ آج نیوز پر
بی بی سی نیوز اردو نے پاکستان کے ٹی وی چینل آج نیوز پر ’جہاں نما‘ کے نام سے پروگرام کا آغاز کیا ہے۔
یہ پروگرام آج نیوز پر پیر سے جمعہ تک پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے نشر ہو گا۔ یہ پروگرام بی بی سی نیوز اردو کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق رات آٹھ بجے سے دستیاب ہوگا۔
لندن سے تیار ہونے والے اس پروگرام کے مرکزی میزبان بی بی سی کے خالد کرامت اور ثمرہ فاطمہ ہیں، جسے بی بی سی نیوز اردو کے رپورٹرز کے وسیع نیٹ ورک کی مدد سے بنایا گیا ہے۔
اٹھارہ منٹ کے اس پروگرام میں عالمی اور علاقائی خبریں پیش کی جائیں گی جو حالاتِ حاضرہ سمیت موسم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت جیسے موضوعات بھی ناظرین تک پہنچائے گا۔ اس پروگرام میں پیش کی جانے والی کہانیوں میں تصدیق شدہ اعداد و شمار اور تجزیہ مصدقہ ڈیٹا اور تجزیہ شامل ہو گا۔
بی بی سی نیوز اردو کے ایڈیٹر آصف فاروقی کہتے ہیں ہم غیر جانب دارانہ، درست اور نتیجہ خیز صحافت کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی لیے جہاں نما بی بی سی کا قابل بھروسہ معیار لے کر آ رہا ہے جو کہانی سنانے کے جدید انداز اور ہماری رپورٹنگ کا امتزاج پیش کرے گا۔ تیزی سے بدلتی ہوئی میڈیا کی دنیا میں ہماری کوشش ہے کہ اپنے ناظرین کو سب سے اہم خبریں جاننے اور سمجھنے میں مدد فراہم کریں۔
آج نیوز کے چیف آپریٹنگ آفیسر شہاب زبیری کہتے ہیں کہ ہماری اسٹریٹجک سمت اپنے ناظرین کو مسلسل بہتر خدمات فراہم کرنے پر مبنی ہے۔ بی بی سی نیوز اردو کے ساتھ شراکت داری کی وجہ سے ہم عالمی سطح پر معزز اور قابل اعتماد برانڈ کا سب سے اعلی مواد ناظرین تک پہنچائیں گے۔
ہمارا اس شراکت داری کا حصہ بننے کا فیصلہ اس بات کی عکاسی ہے کہ ہم اپنے ناظرین کے لیے واضح اور بامقصد مواد فراہم کریں گے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب غلط معلومات میڈیا انڈسٹری کو شدید نقصان پہنچا رہی ہیں۔ ہم بی بی سی کے ساتھ ایک طویل اور دیرپا تعلق چاہتے ہیں۔
بی بی سی نیوز اردو دنیا کی سب سے بڑی اردو نیوز ویب سائٹس میں سے ایک ہے، جو bbc.com/urdu کے علاوہ فیس بک، یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اپنی خبریں فراہم کرتی ہے۔ ناظرین ٹک ٹاک، انسٹاگرام، واٹس ایپ اور ایکس پر @bbcurdu چینل کے ذریعے بی بی سی نیوز اردو سے جڑ سکتے ہیں۔














