رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی کا عندیہ دے دیا

بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر غداری کیس کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا: مشیر وزیراعظم
شائع 08 دسمبر 2025 11:31pm

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر پابندی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کا ٹویٹ ہر جگہ پڑھا گیا ہے، ایسی چیزوں سے اگر پابندی نہیں لگے گی تو پھر کس پر لگے گی، بانی چیئرمین پی ٹی آئی پر غداری کیس کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان سے بات چیت کا دروازہ کبھی کھلا ہی نہیں تھا، وہ پاکستان کی سیاست میں کبھی تھے ہی نہیں، تحریک انصاف بہت تیزی سے اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے۔ ان کے خلاف بڑے فیصلے حالیہ ٹوئٹ اور بہنوں کے بیانات کے بعد ہوئے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے دو ٹوک پیغام دیا ہے، اس میں پھٹنے والی کوئی بات نہیں، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ بھارتی میڈیا کی زبان بول رہے ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کو سیاسی بیان نہ سمجھا جائے، ایک ایک لفظ سوچ سمجھ کر اور غوروفکر کے بعد بیان کیا گیا، انہیں سمجھنا چاہیے کہ یہ ایک واضح پیغام دیا گیا ہے، وہ اس پیغام کو مذاق سمجھیں گے تو نقصان اٹھائیں گے۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کچھ لوگ نفرت، اداروں اور ان کی قیادت کے خلاف سیاست کررہے ہیں، فوج اور سربراہ کے خلاف حد عبور کریں گے تو برداشت نہیں کیا جائےگا، آرمی چیف کے ایک حکم پر لوگ اپنی جان قربان کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعفر ایکسپریس اغوا کرنے والوں کا افغانستان سے براہ راست رابطہ تھا، افغانستان والوں کا رابطہ بھارت سے تھا، دہشت گردوں کے بیانیے کو بھارتی، افغانستان میڈیا اور پی ٹی آئی نے ایک ساتھ اٹھایا، اس دن شک تھا کہ یہ لوگ دہشت گردوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، پھر یہ شک ثابت ہوتا چلا گیا، عمران خان کی بہن کا انٹرویو بھی اس کی واضح دلیل تھی۔

گفتگو کے دوران جب رانا ثنا اللہ سے سوال کیا گیا کہ کیا بانی پی ٹی آئی پر غداری کا الزام لگایا جائے گا؟ جس کے جواب میں وزیراعظم کے مشیر نے جواب دیا کہ بدقسمتی سے یہ ایک حقیقت ہے، عمران خان پر غداری کیس کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر پابندی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا ٹویٹ ہرجگہ پڑھا گیا ہے، اگر اس معاملے پر کسی پارٹی پر پابندی نہیں لگے گی تو پھر کون سی چیز ہے جس کی بنیاد پر پابندی لگے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت جلد پاکستان تحریک انصاف اور اڈیالہ تحریک انصاف بنتے دیکھ رہا ہوں، ان کا انجام الطاف حسین سے مختلف نہیں ہوگا، آج ایم کیو ایم لندن یا الطاف حسین کہاں ہیں۔

imran khan

Rana Sanaullah

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

PTI Ban