روہت شرما اور ویرات کوہلی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم سے آگے نکل گئے
جنوبی افریقا کے خلاف عمدہ کارکردگی کے بعد ویرات کوہلی آئی سی سی کی تازہ ترین ون ڈے رینکنگ میں 2 درجے ترقی پا کر دوسرے نمبر پر آ گئے جب کہ بھارتی کپتان روہت شرما بدستور سرفہرست ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے بابر اعظم کی چھٹی پوزیشن برقرار ہے۔
کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بدھ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کردی۔ نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق ون ڈے بیٹرز میں بھارت کے روہت شرما سرفہرست جب کہ ویرات کوہلی 2 درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبرپرآگئے، اس کے علاوہ پاکستان کے بابراعظم کی چھٹی پوزیشن پر قابض ہیں۔
ون ڈے رینکنگ
بھارتی اسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف تین ون ڈے میچوں میں شاندار 302 رنز 151 کی اوسط سے اسکور کر کے آئی سی سی رینکنگ میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔ انہوں نے سیریز کے ابتدائی دونوں میچوں میں سنچریاں بنائیں جب کہ تیسرے میچ میں ناقابلِ شکست 65 رنز جوڑے، جس کی بدولت بھارت نے سیریز 1-2 سے اپنے نام کی۔
روہت شرما 781 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر موجود ہیں جب کہ کوہلی 773 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ روہت نے بھی سیریز میں دو نصف سنچریوں کی بدولت 146 رنز 48.67 کی اوسط سے اسکور کیے۔

بھارت کے دیگر کھلاڑیوں نے بھی تازہ رینکنگ میں ترقی حاصل کی ہے۔ کے ایل راہول دو درجے ترقی پا کر بلے بازوں کی فہرست میں بارہویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے سیریز کے پہلے دو میچوں میں 60 اور 66 ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے۔
اسپنر کلدیپ یادیو، جنہوں نے سیریز میں سب سے زیادہ نو وکٹیں حاصل کیں، تین درجے ترقی پا کر بولرز کی رینکنگ میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ون ڈے بولرز میں افغانستان کے راشد خان کا پہلا نمبر جب کہ پاکستان کے ابراراحمد کی9 ویں پوزیشن برقرار ہے،شاہین شاہ آفریدی 2 درجے ترقی کے بعد 19 ویں نمبرپرآگئے، حارث رؤف کی بھی ایک درجہ ترقی ہوئی جس کے بعد انہیں 22واں نمبر مل گیا۔
ٹی 20 رینکنگ
دوسری جانب ٹی 20 رینکنگ کے مطابق پاکستان کے اوپنر بلے باز صاحبزادہ فرحان نے شاندار کارکردگی کی بدولت بھارت کے تلک ورما کو پیچھے چھوڑ دیا اور پانچویں نمبر پر آگئے۔
جنوبی افریقا کے ڈیوڈ بریوس پہلی مرتبہ ٹاپ 10 میں شامل ہو گئے، وہ بھارت کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میں 22 رنز بنانے کے بعد تین درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئے۔
آل راؤنڈر رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب کی حکمرانی برقرار ہے جبکہ ہاردک پانڈیا چوتھے نمبر پر آگئے ہیں۔
ٹی 20 بولرز میں ابرار احمد کی چوتھی اور محمد نواز کی11ویں پوزیشن برقرار ہے۔
ٹیسٹ رینکنگ
ٹیسٹ بیٹرز کی رینکنگ میں جو روٹ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔ انہوں نے برسبین ٹیسٹ میں 138* رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلیا میں اپنا پہلا ٹیسٹ سنچری اسکور کیا۔
ان کے بعد کین ولیمسن اور اسٹیون اسمتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ ولیمسن نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 52 رنز اسکور کیے جب کہ اسمتھ نے ایشیز سیریز میں اب تک 103 رنز 51.50 کی اوسط سے جوڑے ہیں۔
ٹیسٹ رینکنگ میں سعود شکیل ٹاپ 10 میں شامل ہوگئے اور ایک درجے بہتری کے بعد دسویں مبر پر آگئے ہیں۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ایشیز سیریز میں مسلسل شاندار کارکردگی کے بعد ٹیسٹ بولرز کی رینکنگ میں بھی تین درجے ترقی حاصل کی ہے۔ وہ 852 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آ گئے ہیں جو ان کے کیریئر کی بہترین پوزیشن ہے۔ اسٹارک نے اب تک سیریز میں 14 کی اوسط سے 18 وکٹیں حاصل کی ہیں جب کہ پاکستان کے اسپنر نعمان علی چوتھے نمبرپر چلے گئے۔
















