ڈیموکریٹس نے ایپسٹین فائلز کا تہلکہ خیز دوسرا حصہ بھی جاری کردیا

ایپسٹین اسٹیٹ کی نئی تصاویر نہیں دیکھیں، لیکن ان کے مطابق یہ کوئی بڑی بات نہیں، صدر ٹرمپ
شائع 13 دسمبر 2025 09:11am

ہاؤس ڈیموکریٹس نے ایپسٹین فائلز کا تہلکہ خیز دوسرا حصہ بھی جاری کردیا ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، سابق امریکی صدر بل کلنٹن سمیت دیگر معروف شخصیات کی تصاویر منظر عام پر آئی ہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق ہاؤس ڈیموکریٹس نے جمعے کو جیفری ایپسٹین کی پراپرٹی سے درجنوں خفیہ تصاویر جاری کی ہیں جن میں ڈونلڈ ٹرمپ، بل کلنٹن اور سابق شہزادہ اینڈریو کی تصاویر بھی شامل ہیں۔

ڈیموکریٹک اراکینِ قانون سازوں کی جانب سے ہاؤس اوور سائٹ کمیٹی کے تحت ابتدائی طور پر جاری کی گئی تصاویر، اُن 95 ہزار سے زائد تصاویر کا ایک چھوٹا سا حصہ ہیں جو انہیں ایپسٹین کے گھر سے موصول ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تصاویر بغیر کسی کیپشن یا سیاق و سباق کے جاری کی گئی ہیں۔ ان میں ایک سیاہ و سفید تصویر بھی شامل تھی جس میں ٹرمپ چھ خواتین کے ساتھ نظر آ رہے ہیں، جن کے چہرے چھپا دیے گئے تھے۔

نابالغ لڑکیوں سے زیادتی کا اسکینڈل: ایپسٹین کی نئی ای میلز ٹرمپ کے لیے خطرہ کیسے؟

اس حوالے سے صدر ٹرمپ کا بیان بھی سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا کہ ایپسٹین اسٹیٹ کی نئی تصاویر نہیں دیکھیں، لیکن ان کے مطابق یہ کوئی بڑی بات نہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ ایپسٹین پورے پام بیچ میں گھومتا رہتا تھا اور اس کی ہر کسی کے ساتھ تصاویر موجود تھیں۔

ڈیموکریٹ کے رکنِ کانگریس رابرٹ گارسیا نے یہ نہیں بتایا کہ تصاویر میں موجود خواتین میں سے کوئی زیادتی کا شکار رہی تھی یا نہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ ہم شروع سے ہی اس بات کے پابند ہیں کہ کسی بھی ایسی تصویر یا معلومات کو حذف کر دیا جائے جو کسی بھی متاثرہ فرد کو کسی قسم کے نقصان سے دوچار کر سکتی ہوں۔

اُدھر وائٹ ہاؤس کی ترجمان ابیگیل جیکسن نے ڈیموکریٹس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جان بوجھ کر ایسی تصاویر کو من مانے انداز میں حذف شدہ حصوں کے ساتھ جاری کر کے ایک جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اسے صدر ٹرمپ کے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ مجرم جیفری ایپسٹین کو 2008 میں کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں تیرہ ماہ قید کی سزا دی گئی تھی۔

جیفری ایپسٹین پر سیکس ٹریفکنگ کا الزام بھی تھا لیکن اس کیس میں ٹرائل شروع ہونے سے قبل ہی انہوں نے 2019 میں جیل میں دورانِ قید خود کشی کر لی تھی۔

democrats

Jeffrey Epstein

second phase

Bill Clinton

President Donald Trump

photos

Epstein ٖFiles

releases