نتیش کمار کے خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچنے پر ’دنگل گرل‘ زائرہ وسیم برہم
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ مچادیا ہے، جس میں وہ ایک خاتون ڈاکٹر کا حجاب کھینچتے ہوئے نظر آئے۔ اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بولی ووڈ کی سابق اداکارہ زائرہ وسیم نے نتیش کمار پر شدید تنقید کی ہے اور ان سے غیر مشروط معافی کا مطالبہ کیا ہے۔
ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ نتیش کمار ایک خاتون ڈاکٹر کو سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں اور پھر اچانک خاتون سے حجاب اُتارنے کو کہتے ہیں۔ اس سے پہلے کہ خاتون کچھ بول پاتیں، وزیر اعلیٰ خود ہی ان کا حجاب کھینچ لیتے ہیں، جس کے نتیجے میں ان کے منہ اور ٹھوڑی کا حصہ ظاہر ہو جاتا ہے۔
بھارتی وزیراعلیٰ نے مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد بالی ووڈ کی معروف اداکارہ زائرہ وسیم نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شدید غصہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا، ”ایک عورت کی عزت اور حیاء کو مذاق نہیں بنانا چاہیے۔ ایک مسلمان عورت کے طور پر یہ دیکھنا کہ کسی دوسری عورت کے نقاب کو اتنی آسانی سے اتاراجا رہا ہے، انتہائی افسوسناک ہے۔“
دنگل گرل نے مزید کہا، ”طاقت یہ اجازت نہیں دیتی کہ آپ حدود کو پامال کریں۔ نتیش کمار کو اس خاتون سے غیر مشروط معافی مانگنی چاہیے۔“
زائرہ کی اس پوسٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد نے اتفاق کیا اور اس حرکت کو عورتوں کی ذاتی آزادی اور عزت کے خلاف قرار دیا۔
سڈنی حملے میں پاکستان کو بدنام کرنے کی اسرائیلی اور بھارتی کوشش ناکام
اس واقعے نے سیاسی حلقوں میں بھی ہلچل مچا دی ہے۔ کانگریس پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے اس عمل کو ”شرمناک“ قرار دیا ہے، جبکہ راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے نتیش کمار کی ذہنی حالت پر سوال اٹھایا ہے۔ پارٹی نے وزیر اعلیٰ کے رویے کو غیر مناسب اور قابل مذمت قرار دیا ہے۔
اب تک نتیش کمار کی جانب سے اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان یا معافی سامنے نہیں آئی، جس سے معاملہ مزید سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ عوامی سطح پر اس حرکت کو عورتوں کی ذاتی آزادی پر حملہ سمجھا جا رہا ہے۔
















