ٹرمپ کی شخصیت شراب کے عادی شخص جیسی ہے: چیف آف اسٹاف

ان کی شخصیت شرابی جیسی ضرور ہے مگر میں شراب سے پرہیز کرتا ہوں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
اپ ڈیٹ 17 دسمبر 2025 03:51pm

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز نے ایک انٹرویو میں ان کی شخصیت سے متعلق انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ٹرمپ کبھی شراب نہیں پیتے، تاہم ان کی شخصیت ایک ’شرابی‘ جیسی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس انٹرویو کے شائع ہونے کے بعد اپنی چیف آف اسٹاف کی حمایت میں سامنے آگئے ہیں۔

امریکی میگزین وینیٹی فیئر کو دیے گئے ایک تفصیلی انٹرویو میں سوزی وائلز نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ خود کو ہر کام کے قابل سمجھتے ہیں اور ان کے نزدیک ایسا کوئی کام نہیں جو وہ نہ کر سکیں۔

وینیٹی فیئر نے وائلز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے اپنے والد جو معروف این ایف ایل کمنٹیٹر اور شراب نوش تھے، اور ان کے مطابق ٹرمپ یہ سوچ رکھتے ہیں کہ کوئی بھی کام ایسا نہیں جو وہ نہ کر سکیں۔

سوزی وائلز نے ٹرمپ کے اس رویے کو ’شرابی شخصیت‘ سے تعبیر کیا، حالانکہ ٹرمپ شراب نوشی نہیں کرتے۔


انٹرویو شائع ہونے کے چند گھنٹوں بعد سوزی وائلز نے اس مضمون کو اپنے اور صدر کے خلاف جانبدارانہ اور منفی انداز میں پیش کی گئی تحریر قرار دیا۔ ایکس پر پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ آج صبح شائع ہونے والا مضمون میرے اور تاریخ کے بہترین صدرکے خلاف جانبدارانہ تحریر ہے۔

سوزی وائلز نے کہا کہ مضمون میں اہم پسِ منظر کو نظرانداز کیا گیا اور دیگر افراد اور صدر کے بارے میں دیے گئے کئی بیانات کو شامل ہی نہیں کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے صرف 11 ماہ میں وہ کچھ حاصل کر لیا ہے جو کوئی اور حاصل نہیں کرسکا۔ یہ سب کچھ صدر ٹرمپ کی بے مثال قیادت اور وژن کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے اور ایسے مضامین امریکا کو دوبارہ عظیم بنانے کے ہمارے مسلسل اور پُرعزم مشن کو نہیں روک سکتے۔

دوسری جانب میگزین نے 16 اور 17 دسمبر کو اپنے شائع کردہ مضمون کا دفاع کیا ہے۔ میگزین کے مطابق یہ مضمون گزشتہ ایک سال کے دوران تجربہ کار سیاسی صحافی کرس وِپل کے ساتھ کیے گئے متعدد انٹرویوز پر مبنی ہے۔

حیران کن طور پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی چیف آف اسٹاف سوزی وائلز کے متنازع انٹرویو کے بعد ان کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ہے۔

نیویارک پوسٹ کو دیے گئے بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ وائلز کا یہ کہنا درست ہے کہ ان میں شرابی جیسی شخصیت ہے، حالانکہ وہ مکمل طور پر شراب سے پرہیز کرتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ میں شراب نہیں پیتا، لیکن میں خود کئی بار کہہ چکا ہوں کہ اگر میں پیتا تو شاید شرابی بن جاتا۔ انہوں نے سوزی وائلز کے کام کو شاندار قرار دیا۔ صدر ٹرمپ نے 2016 میں فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں بھی دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کبھی شراب نہیں پی۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیوٹ نے بھی سوزی وائلز کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے وینیٹی فیئر پر الزام لگایا کہ اس نے حقائق کو نظر انداز کر کے جانبدارانہ رپورٹنگ کی۔


وینیٹی فیئر میں شائع ہونے والے طویل مضمون میں سوزی وائلز نے نائب صدر جے ڈی وینس کو سازشی نظریات پر یقین رکھنے والا شخص قرار دیا۔ ایکس کے مالک ایلون مسک کو عجیب آدمی اور کیٹامین استعمال کرنے والا شخص قرار دیا۔

سوزی وائلز نے کہا کہ جے ڈی وینس گزشتہ ایک دہائی سے جیفری ایپسٹین اسکینڈل پر سازشی نظریات رکھتے آئے ہیں۔ انہوں نے اٹارنی جنرل پام بونڈی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایپسٹین سے متعلق دستاویزات کے اجراء میں وہ ناکام رہیں۔

Donald Trump

President Donald Trump

Trump’s chief of staff

Susie Wiles

Trump Alcohol