آسٹریلیا: یہودی تقریب پر ہونے والے حملے کے شبے میں 7 افراد زیر حراست

سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پولیس نے سڈنی کے جنوب مغربی علاقے سے مزید 7 افراد کو حراست میں لے لیا
اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2025 09:43am

آسٹریلیا میں یہودی تقریب پر ہونے والے حملے اور ہلاکتوں کے تناظر میں سیکیورٹی اداروں نے مزید کارروائی کرتے ہوئے 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، تاہم ان گرفتاریوں کا حالیہ بونڈائی بیچ حملے سے براہِ راست تعلق فی الحال سامنے نہیں آ سکا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پولیس نے سڈنی کے جنوب مغربی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مزید 7 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق یہ کارروائی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موصول ہونے والی ایک خفیہ اطلاع پر کی گئی، جس میں دو گاڑیوں میں سوار مشکوک افراد کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ زیر حراست افراد کسی ممکنہ پرتشدد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور بونڈائی بیچ کی جانب جا رہے تھے۔ تاہم فوری طور پر ان افراد کا حالیہ بانڈی بیچ ہنوکا حملے سے کوئی براہِ راست تعلق ثابت نہیں ہو سکا۔

اسکائی نیوز کے مطابق گرفتار ہونے والے ساتوں افراد میلبورن سے روانہ ہوئے تھے اور ان کا سفر تقریباً 9 گھنٹوں پر محیط تھا، تاہم بونڈائی بیچ جانے کی وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔

خیال رہے کہ یہودی تقریب پر ہونے والے حملے میں حملہ آور ساجد نوید پولیس کی جوابی فائرنگ میں ہلاک ہو گیا تھا، جب کہ اس کا بیٹا نوید اکرم شدید زخمی حالت میں زیرِ علاج ہے اور پولیس کی تحویل میں موجود ہے۔

ابتدائی طور پر پولیس کا کہنا تھا کہ حملے میں صرف باپ بیٹا ہی ملوث تھے اور کسی تیسرے فرد کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق دونوں افراد ذاتی طور پر داعش کے نظریات سے متاثر تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں بونڈائی بیچ پر ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے سے ان افراد کے کسی بھی قسم کے تعلق کے شواہد نہیں ملے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

sydney firing

Sajid Akram

Bondi Beach Shooting

Bondi Beach Attack

7 people arrested