دبئی ایئرپورٹ کے قریب ڈرون حملے کے بعد فلائٹ آپریشن متاثر

مسافر اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں، ائیرپورٹ حکام
اپ ڈیٹ 16 مارچ 2026 02:23pm

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب پیر کے روز ڈرون حملے کے بعد فلائٹ آپریشن کو عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا، تاہم اب ائیرپورٹ پر آنے اور جانے والی پروازیں بتدریج بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ احتیاطی تدبیر کے طور پر فلائٹس کی عارضی معطلی کے بعد دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منتخب مقامات کے لیے آنے اور جانے والی کچھ پروازوں کو بتدریج بحال کیا جا رہا ہے۔

بیان میں مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ ترین معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔

خیال رہے کہ آج صبح دبئی ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون واقعے کے نتیجے میں ایندھن کے ایک ٹینک کو نقصان پہنچا تھا۔

ایئرپورٹ سے منسلک سڑکوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا جبکہ اماراتی ایئرلائن نے اپنی پروازیں معطل کر دی تھیں۔

واقعے کے بعد کچھ پروازوں کو المکتوم انٹرنیشنل ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کی زیادہ تر فضائی حدود میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشات کے باعث بند ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد پروازیں منسوخ، مؤخر یا متبادل راستوں پر منتقل کی جا رہی ہیں۔

دبئی حکام کا کہنا ہے کہ مسافر فلائٹس شیڈول کیلئے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں، فلائٹس معطلی صورتحال کے بہتر ہونے تک جاری رہے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ نے عالمی فضائی سفر کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ اس بحران کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔