کیا اجوائن کا تیل نزلہ اور زکام کی علامات سے فوری آرام فراہم کرتا ہے؟

سردیوں کے موسم میں اجوائن کے تیل کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔
شائع 19 دسمبر 2025 09:29am

سردیوں کا موسم آتے ہی نزلہ اور زکام عام مسائل بن جاتے ہیں اور اس دوران بہت سے لوگ اجوائن کے تیل کا استعمال کرتے ہیں جو ایک قدیم گھریلوعلاج کے طور پر نسلوں سے چلا آ رہا ہے۔ لیکن جیسا کہ اکثر لوگ مانتے ہیں، کیا یہ واقعی زکام اور کھانسی کی علامات سے فوری آرام فراہم کرتا ہے؟

آئیے اس کا جائزہ لیتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ سائنس اور روایتی علاج کیا کہتے ہیں۔

اجوائن کے بیجوں کا استعمال مختلف گھریلو علاجوں میں زمانہ قدیم سے کیا جاتا ہے، جیسے اجوائن کا قہوہ، اجوائن نمک اور اجوائن تیل۔ ان علاجوں کا مقصد آرام اورجسم کو گرمائش فراہم کرنا ہوتا ہے۔ تاہم، یہ علاج زکام کو ٹھیک نہیں کرتے، بلکہ صرف عارضی راحت فراہم کرتے ہیں۔

اجوائن کے تیل میں ایک طاقت ور مرکب تھائمل ہوتا ہے، جو اپنی جراثیم کش، اینٹی سوزش اور خوشبو دینے والی خصوصیات کے لیے مشہور ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اجوائن کا تیل گلے کی سوزش، کھانسی، نزلہ، اور سانس کی تکالیف کے علاج میں استعمال کیا جاتا ہے۔

تھائمل ہوا کے راستوں کو صاف کرنے میں مدد فراہم کر سکتا ہے اور سانس لینے میں آسانی پیدا کرتا ہے۔ تاہم، یہ سمجھنا ضروری ہے کہ اجوائن کا تیل فوری طور پرعلاج نہیں کرتا۔ یہ صرف عارضی آرام فراہم کرتا ہے اس سے فوری مکمل راحت کی توقع نہیں کرنی چاہیے۔

اجوائن کے تیل سے زکام کی علامات میں کیسے مدد ملتی ہے؟

1۔ ہاضمہ کی بہتری

نزلہ اور زکام کی کیفیت میں کئی لوگوں کو ہاضمہ کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے، جیسے کہ اپھارہ اور بدہضمی۔ اجوائن کا تیل ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

مرکزی کونسل برائے آیورویدک سائنسز کے مطابق، اجوائن کا تیل معدے کی تیزابیت کو کم کرنے اور بھاری پن سے نجات دلانے میں مددگار ہے، جس سے فرد کو زکام کی علامات کے دوران بہتر محسوس ہو سکتا ہے۔

2۔ گرمائش کا اثر

اجوائن کے بیجوں کو گرم اثرات کے طور پر سمجھا جاتا ہے۔ اسی وجہ سے گھریلو علاج میں اجوائن کا پانی یا بھنی ہوئی اجوائن کا استعمال کیا جاتا ہے، تاکہ سردی کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔ اس سے گلے یا سینے میں عارضی سکون ملتا ہے، مگر یہ زکام کا علاج نہیں کرتا۔

3۔ جراثیم کش اور قوت مدافعت میں اضافہ

اجوائن کے بیج میں موجود جراثیم کش خصوصیات اسے قوت مدافعت بڑھانے میں مددگار بناتی ہیں۔ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف انٹیگریٹو میڈیسن کی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ اجوائن کے بیج انفیکشن سے لڑنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، مگر اس کا اثر فوری نہیں ہوتا۔ یہ صرف مددگار علاج کے طور پر کام کرتا ہے، نہ کہ فوری راحت دینے والا۔

مزید یہ کہ، اجوائن کا تیل نیند میں بھی مدد دے سکتا ہے کیونکہ زکام کی علامات نیند کو متاثر کرتی ہیں۔ بہتر نیند کا حصول علاج کا حصہ ہوتا ہے اور اجوائن کا تیل اس میں مدد کر سکتا ہے۔

اگر آپ نزلہ زکام سے فوری راحت چاہتے ہیں تو تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اجوائن کے بیجوں کی بھاپ کا استعمال اجوائن کے تیل سے زیادہ مؤثر ہو سکتا ہے۔ گرم بخارات کی مدد سے بلغم کو نرم کیا جا سکتا ہے اور تھائمل کی خوشبو سانس لینے میں آسانی پیدا کرتی ہے۔ یہ ایک عام گھریلو علاج ہے اور بہت سے لوگ اس طریقے کو فوری آرام کے لیے ترجیح دیتے ہیں۔

اجوائن کے تیل میں مرکبات بڑی مقدار میں پائے جاتے ہیں اس لیے اس کا استعمال ہمیشہ بہت کم مقدار اور معتدل طریقے سے کرنا چاہیے، تاکہ کسی بھی قسم کی جلن یا ہاضمے کی تکلیف سے بچا جا سکے۔ عام گھریلو علاج میں عموماً اجوائن کا تیل نہیں بلکہ اس کے بیج استعمال کیے جاتے ہیں۔

اگر آپ اجوائن کے تیل کا استعمال کرنا چاہتے ہیں تو بہتر ہے کہ کسی ماہر صحت سے مشورہ کریں تاکہ آپ اس کا استعمال احتیاط سے کر سکیں۔

raditional remedy

Cold Symptoms

Instant Relief

Ajwain Oil