پڑوسی ملک میں بیٹھے بھتہ خور کے مہرے شہر قائد میں سرگرم
کراچی میں ایک بار پھر بھتہ مافیا کے سرگرم ہونے کی اطلاعات سامنے آ گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق پڑوسی ملک میں موجود لیاری کا گینگسٹر وصی اللہ لاکھو اپنے کارندوں کے ذریعے شہر میں بھتہ خوری کا نیٹ ورک چلا رہا ہے، جبکہ رواں سال بھتہ خوری کے درجنوں واقعات رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پڑوسی ملک میں بیٹھا بدنام زمانہ گینگسٹر وصی اللہ لاکھو کراچی میں بھتہ خوری کے نیٹ ورک کو کنٹرول کر رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس کا اہم کارندہ صمد کاٹھیاواڑی ہے، جو چند برس قبل خاکروب تھا اور اب گینگ کا سرگرم مہرہ بن چکا ہے۔
پولیس ریکارڈ کے مطابق وصی اللہ لاکھو کے خلاف کراچی کے مختلف تھانوں میں مجموعی طور پر انیس مقدمات درج ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں تاجروں اور کاروباری افراد کو بھتہ وصولی کے لیے دباؤ کا سامنا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں رواں سال بھتہ خوری کے مجموعی طور پر 89 واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں۔ جنوری میں 11، فروری میں 4، مارچ میں 9، اپریل میں 5، مئی میں 3 اور جون میں 7 واقعات سامنے آئے۔ جولائی میں 5، اگست میں ایک اور ستمبر میں 11 واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ اکتوبر میں 18 اور نومبر میں 15 بھتہ خوری کی شکایات درج کی گئیں۔
ذرائع کے مطابق بھتہ خوری کے بڑھتے واقعات کے باعث شہریوں اور کاروباری طبقے میں تشویش پائی جا رہی ہے، جبکہ عوامی حلقوں کی جانب سے شہر میں امن و امان کی صورتحال پر سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
















