بھارتی فوجی افسر کے گھر سے نوٹوں کی گڈیاں برآمد، رشوت ستانی کا الزام
بھارت کے تفتیشی ادارے سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے ہفتے کو وزارتِ دفاع کے محکمہ دفاعی پیداوار میں تعینات ایک لیفٹیننٹ کرنل اور ایک شہری کو رشوت کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔ ادارے نے متعدد شہروں میں چھاپے بھی مارے، جن میں سری گنگانگر، دہلی، بنگلور اور جموں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق گرفتار افسر کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار شرما کے طور پر کی گئی ہے، جو محکمہ دفاعی پیداوار کے بین الاقوامی تعاون اور برآمدات میں ڈپٹی پلاننگ آفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔
اس کے علاوہ دوسرے گرفتار شہری کی شناخت ونود کمار سے ہوئی ہے، جس پر الزام ہے کہ انہوں نے افسر کو رشوت فراہم کی۔
سی بی آئی کے مطابق دہلی میں دیپک کمار شرما کے گھر سے مبینہ رشوت کی رقم 3 لاکھ روپے اور اضافی نقد رقم 2 کروڑ 23 لاکھ روپے برآمد کی گئی۔ سری گنگانگر میں ملزمان سے منسلک مقامات سے مزید 10 لاکھ روپے ضبط کیے گئے۔ اس کے علاوہ دستاویزات اور دیگر شواہد بھی حاصل ہوئے۔
ایجنسی کے مطابق بنگلور کے دو شہری راجیو یادو اور راوجیت سنگھ، جو کمپنی کے بھارتی آپریشنز کو ہینڈل کرتے ہیں، شرما کے ساتھ مسلسل رابطے میں تھے اور غیر قانونی فوائد کے حصول میں تعاون کر رہے تھے۔

سی بی آئی کے مطابق 18 دسمبر کو بھی لیفٹیننٹ کرنل دیپک کمار نے راجیو یادیو اور راوجیت سنگھ سے تین لاکھ روپے رشوت وصول کی۔
رپورٹ کے مطابق اس کیس کی رجسٹریشن جمعہ کو مخصوص معلومات کی بنیاد پر دیپک کمار شرما، ان کی اہلیہ کرنل کاجل بالی، جو سری گنگانگر میں 16 ویں انفنٹری ڈویژن آرڈنینس یونٹ کی کمانڈر ہیں، اور دیگر نامعلوم سرکاری اہلکاروں اور شہریوں بشمول دبئی میں واقع ایک کمپنی کے خلاف کی گئی۔
سی بی آئی نے کہا ہے کہ دیپک شرما نجی دفاعی کمپنیوں کے نمائندوں کے ساتھ ملی بھگت کر کے غیر قانونی فوائد حاصل کر رہے تھے۔
سوشل میڈیا صارفین کا سخت ردِ عمل
یہ خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین کا سخت رد عمل سامنے آیا ہے۔ بعض صارفین، کرپشن الزامات پر فوجی افسر کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ کچھ کا کہنا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہییں۔
ایک صارف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ، ”ان کرپٹ لوگوں کو پکڑتے رہیں، یہ ہمارے ملک کو اندر سے تباہ کر رہے ہیں۔“

ایڈووکیٹ آنند نامی بھارتی صارف نے لکھا کہ، ”اس وردی کے پیچھے اور بھی بہت سے بھیڑیے موجود ہیں۔“

ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ہی نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ، ”مودی جی بی لائیک: میں بھی کھاؤں گا اور میرے باقی دوستوں کو بھی کھانے دوں گا۔“















