پاکستان آئیڈل میں پرفارمنس، راحت فتح کے بیٹے پر تنقید
پاکستان آئیڈل میں معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے بیٹے شاہ زمان کی پرفارمنس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرلی ہے، جہاں کچھ صارفین نے ان کی گائیکی پر تنقید کی ہے تو وہیں بعض صارفین نے ان کی پرفارمنس کو بھی سراہا۔
پاکستان کے معروف کلاسیکل اور غزل گلوکار راحت فتح علی خان جو دنیا بھر میں اپنی آواز کے لیے مشہور ہیں اور بے شمار سپرہٹ گانے ان کے کریڈٹ پر ہیں، ان دنوں وہ میوزیکل ریئلٹی شو پاکستان آئیڈل میں جج کے فرائض انجام دے رہے ہیں، جہاں ان کے ساتھ فواد خان، بلال مقصود اور زیب بنگش بھی بطور جج شامل ہیں، ناظرین شو میں راحت فتح علی خان کی موجودگی کو خاص طور پر پسند کر رہے ہیں۔
پاکستان آئیڈل کی حالیہ قسط میں راحت فتح علی خان کے صاحبزادے شاہ زمان فتح علی خان نے خصوصی پرفارمنس دی۔ انہوں نے اپنے دادا لیجنڈری استاد نصرت فتح علی خان کا شہرۂ آفاق کلام ’کسے دا یار نہ بچھڑے‘ پیش کیا۔
جس کے بعد سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے شاہ زمان کی آواز اور پرفارمنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مختلف تبصرے کیے جب کہ کچھ صارفین نے ان کی پرفارمنس کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ایک نئے فنکار کے طور پر محنت کررہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شاہ زمان کی پرفارمنس کے کلپس شیئر کیے جارہے ہیں، جن پر صارفین کی جانب سے مثبت اور منفی دونوں طرح کے تبصرے سامنے آرہے ہیں۔
کچھ صارفین نے کہا کہ وہ تیز رفتاری سے گا رہے ہیں جس سے گانے کا اثر کم ہو گیا ہے۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ’وہ صرف راحت فتح علی خان کا بیٹا اور نصرت فتح علی خان کا پوتا ہونے کی وجہ سے مشہور ہیں۔‘
ایک اور صارف نے کہا کہ معاف کریں لیکن یہ بالکل بھی اچھی پرفارمنس نہیں تھی، انہیں ابھی محنت کی ضرورت ہے تاہم کچھ دیگر صارفین نے ان کی پرفارمنس کے حق میں رائے دی۔
ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ شاہ زمان کی گائیکی نے انہیں بچپن کے دنوں اور پاکستان ٹیلی وژن کے مشہور ڈرامے ’’دھوان‘‘ کی یاد دلا دی۔
ایک اور صارف نے کہا کہ نوجوان گلوکار کی آواز میں استاد نصرت فتح علی خان کی جھلک محسوس ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ شاہ زمان علی خان کی پرفارمنس قابلِ تعریف ہے اور انہیں محنت جاری رکھنی چاہیے، انہوں نے اپنے پیغام میں شاہ زمان علی خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
















