صدر زرداری سب کو ایک پج پر جمع کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں: بلاول بھٹو
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو سیاسی بحران سے نکالنا ہے تو اس کا حل بھی سیاسی طریقے سے نکالنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے ایک ایسے شخص کا انتخاب ضروری ہے جس پر سب کو اعتماد ہو۔ اس وقت مفاہمت کا بادشاہ صرف ایک ہی شخص ہے اور وہ آصف علی زرداری ہیں۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کی 18 ویں برسی پر اجتماع سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اس سال کی سب سے بڑی کامیابی جنگ کے میدان میں بھارت کو شکست دینا ہے اور بھارت کے خلاف کامیابی پوری قوم کی جیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت مئی میں ہونے والی شکست کو تاحال ہضم نہیں کر سکا اور بھارتی وزیراعظم اب عالمی فورمز پر جانے سے کتراتے ہیں، اب تو وہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سنتے ہی چھپ جاتا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارتی طیاروں کو گرانے والے جنگی جہاز صدر آصف علی زرداری نے ہی چین سے منگوائے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو شکست گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کے بغیر ممکن نہیں تھی، کیونکہ انہی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان ایٹمی قوت بنا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے اندرونی مسائل کسی سے پوشیدہ نہیں، ملک کو سیاسی اور معاشی بحران کا سامنا ہے اور ان بحرانوں سے نکلنے کے لیے سیاسی راستہ اختیار کرنا ہوگا۔ بےنظیر بھٹو کا آخری پیغام بھی مفاہمت سے متعلق تھا اور انہوں نے اپنی آخری کتاب میں بھی اسی موضوع پر لکھی۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سیاسی انتہا پسندی ترک کیے بغیر بحران سے نکلنا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی جیسے واقعات اور اداروں کے خلاف نازیبا زبان کا استعمال سیاست نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پورے پاکستان میں آگ لگی ہوئی تھی، تاہم آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر وفاق کو بچایا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اگر مسائل کا حل نکالنا ہے تو اپوزیشن کو ذمہ داری سے سیاست کرنا ہوگی اور حکومتی جماعتوں کو ملکی مفاد میں سوچنا ہوگا۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ اس وقت ایک ہی شخص ہے جو پاکستان کو سیاسی تقسیم سے نکال سکتا ہے اور اس وقت مفاہمت کا بادشاہ ایک شخص ہے، اور وہ آصف علی زرداری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کو درپیش تمام مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ وفاق کو صوبوں سے حقوق چھیننے کے بجائے مزید ذمہ داریاں دینی چاہئیں تاکہ صوبے ٹیکس جمع کر کے وفاق کے معاشی مسائل حل کر سکیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے عوام کی سہولت کے لیے بےنظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا جو آج بھی عوام کے لیے سہارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے سیلاب کے بعد تاریخی اقدامات کیے، بے گھر افراد کے لیے 20 لاکھ پکے گھر تعمیر کیے جا رہے ہیں اور ان گھروں کی ملکیت بھی خواتین کو دی جا رہی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق ہیپکو، سیپکو جیسے اداروں کو صوبوں کے حوالے کرے، ہم وفاق سے بہتر پرفارم کریں گے اور عوام کی شکایات بھی دور ہوجائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وفاق کے ساتھ ملکر مسائل کا حل نکالے گی۔










