خبردار! کھانا کھاتے وقت ریلز دیکھنا پیٹ کی چربی کو بڑھا سکتا ہے
آج کے نوجوانوں کی اکثریت کھانے کے دوران بھی اپنے فون میں مصروف رہتی ہے جو موبائل پر ریلز دیکھتے یا ویڈیوز اسٹریم کرتے ہیں۔ اگرچہ یہ عادت بظاہر بے ضرر لگتی ہے، لیکن حالیہ تحقیق نے اس کے صحت پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں تشویش ظاہر کی ہے۔
نیوز 18 کی رپورٹ کے مطابق ایک تحقیق سے ثابت ہوتا ہے کہ کھانے کے دوران موبائل یا ٹی وی دیکھنے سے پیٹ کی چربی بڑھ سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں ذیابیطس اور ہائی بلڈ پریشر جیسے دائمی امراض کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔
اس تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کھانے کے دوران موبائل فون یا ٹی وی دیکھنے کا ہماری صحت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ جب ہم کھانا کھاتے وقت کسی اور چیز میں مشغول ہوتے ہیں، تو ہمارا دھیان کھانے پر نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے دماغ کو کھانے کی مکمل تسکین نہیں مل پاتی۔
اس کی وجہ سے دماغ کھانے کی بجائے فون پر توجہ مرکوز کرتا ہے، جس کے نتیجے میں پیٹ بھرنے کا سگنل صحیح طریقے سے نہیں پہنچ پاتا اور انسان ضرورت سے زیادہ کھانا شروع کر دیتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق موبائل یا ٹی وی دیکھنے سے رفتہ رفتہ کھانے کی خوشبو اور ذائقہ سے لطف اٹھانے کی صلاحیت کم ہو جاتی ہے، اس کے نتیجے میں زیادہ تر لوگ پروسیسڈ اور مسالے دار کھانوں کی طرف مائل ہوجاتے ہیں۔ جو عموماً زیادہ کیلوریز اور غیر صحت بخش چکنائی سے بھرپور ہوتے ہیں۔
یہ عادت میٹابولزم کو سست کر دیتی ہے اور وزن بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
کھانے کے دوران اسکرین ٹائم زیادہ ہونے کی وجہ سے نہ صرف موٹاپا ہوتا ہے بلکہ ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور میٹابولک سنڈروم جیسے دائمی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
کھانے کے دوران عدم توجہ کی وجہ سے لوگ بہت تیزی سے کھاتے ہیں یا پھر بہت آہستہ۔ یہ دونوں عادات ہاضمہ کو متاثر کرتی ہیں اور ٹائپ-2 ذیابیطس، ہائی بلڈ پریشر اور گردے سے متعلق مسائل کا باعث بنتی ہیں۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ پیٹ کی چربی بڑھے بغیر صحت مند رہیں اور ہاضمہ صحیح کام کرے، تو کھانے کے دوران موبائل یا ویڈیوز دیکھنے کی عادت ترک کریں۔ آہستہ کھائیں، کھانے کے ذائقے سے لطف اٹھائیں اور جسم اور دماغ دونوں کی صحت کو ترجیح دیں۔
















