میکسیکو میں ٹرین حادثہ، 13 مسافر ہلاک 98 زخمی

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے ایکس پر بتایا کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے
شائع 29 دسمبر 2025 09:29am

میکسیکو کے حکام نے اتوار کو بتایا کہ جنوبی ریاست اوآخاکا میں ٹرین کے پٹری سے اتر جانے کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین میں مجموعی طور پر 250 افراد سوار تھے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق میکسیکن بحریہ نے بتایا کہ یہ ٹرین اوآخاکا کے قصبے نِزاندا کے قریب پٹری سے اتری۔ ٹرین میں نو عملے کے ارکان اور 241 مسافر موجود تھے۔

حکام کے مطابق سوار افراد میں سے 139 افراد خطرے سے باہر ہیں، جبکہ 98 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 36 افراد کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اعلیٰ سرکاری حکام کو جائے حادثہ پر بھیج دیا گیا ہے تاکہ ہلاک افراد کے خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔

اوآخاکا کے گورنر سالومون خارا کروز نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی حکام متاثرہ افراد کی مدد کے لیے وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں۔

میکسیکو کے اٹارنی جنرل کے دفتر نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ اٹارنی جنرل ارنیسٹینا گوڈوئے راموس نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔

انٹراوشینک ٹرین کا افتتاح 2023 میں سابق صدر آندریس مانوئیل لوپیز اوبراڈور کے دور میں کیا گیا تھا اور یہ وسیع تر انٹراوشینک کوریڈور منصوبے کا حصہ ہے۔

Accident

Derailment

Mexican train

Interoceanic Train

Oaxaca

98 injured

13 passengers died