پاکستان نے سمندر سے خلا میں سیٹلائیٹ بھیج کر اہم سنگِ میل عبور کرلیا
پاکستان کے قومی خلائی ادارے ’سپارکو‘ نے اسپیس ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ مقامی سطح پر تیار کردہ الیکٹرو آپٹیکل ٹو (EO-2) سیٹلائیٹ کو کامیابی کے ساتھ خلا میں لانچ کر دیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپارکو نے پاکستان کا دوسرا مقامی الیکٹرو آپٹیکل سیٹلائٹ ’ای او 2‘ کامیابی سے لانچ کر دیا ہے۔ اس سیٹلائٹ کو چین کے یانگ جیانگ سی شور لانچ سینٹر سے خلا میں روانہ کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس سیٹلائٹ کی تیاری ’سیٹلائٹ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ سینٹرمیں ہوئی جسے پاکستان کی مقامی سیٹلائٹ ڈیزائن اور سسٹمز انجینئرنگ صلاحیتوں کا مظہر قرار دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ’ای او ٹو‘ کو ’ای او ون‘ کے ساتھ مل کر زمین کے مشاہدے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ جو مختلف حالات میں زمینی مناظر کی بہتر نگرانی ممکن بنائے گا اور اس کے ذریعے سطحی تبدیلیوں کی نشاندہی اور مسلسل امیجنگ صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
ترجمان سپارکو کے مطابق لانچ کے بعد سیٹلائیٹ اپنے مدار میں داخل ہو گیا ہے اور یہ پاکستان کی زمین کے مشاہدے اور امیجنگ کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کرے گا۔
سپارکو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ای او-2 سیٹلائیٹ کی لانچ ملکی خلائی مہارت اور تکنیکی صلاحیت کی واضح علامت ہے۔ یہ سیٹلائیٹ قومی سطح پر منصوبہ بندی اور وسائل کے مؤثر انتظام کے لیے اہم اور قابلِ اعتماد ڈیٹا فراہم کرے گا، جس سے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ اس کامیاب لانچ سے پاکستان کے سیٹلائیٹس کے بیڑے میں اضافہ ہوگا جبکہ زمینی مشاہدات کے تسلسل اور درستگی میں بھی بہتری آئے گی۔
ای او-2 سیٹلائیٹ نہ صرف خلائی شعبے میں پاکستان کی برتری کو مستحکم کرے گا بلکہ قدرتی آفات کے انتظام اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی میں بھی معاون ثابت ہوگا۔
سپارکو کے مطابق ای او-2 پاکستان کی سیٹلائیٹ تیاری میں خود انحصاری کا مظہر ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک خلائی ٹیکنالوجی کے شعبے میں بتدریج خود کفالت کی جانب گامزن ہے۔
یاد رہے کہ سپارکو کی جانب سے جنوری 2025 میں ای او-1 سیٹلائیٹ کو بھی کامیابی کے ساتھ لانچ کیا گیا تھا، اور ای او-2 کی تازہ کامیابی پاکستان کے خلائی پروگرام کے تسلسل اور پیش رفت کی عکاس ہے۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔