نواز شریف اور مریم نواز دبئی روانہ، لندن جانے کا بھی امکان
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز دبئی روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ دو دن قیام کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس دورے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی لندن روانگی بھی متوقع ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ غیر ملکی دورہ نجی نوعیت کا ہے اور اس دوران نواز شریف اپنے نواسے جنید صفدر کی شادی کے دعوت نامے بھی قریبی عزیزوں اور دوستوں کو دیں گے۔
پارٹی حلقوں کے مطابق اس سفر کا مقصد کسی سیاسی سرگرمی یا ملاقات سے نہیں جوڑا جا رہا بلکہ اسے خاندانی مصروفیات سے متعلق دورہ قرار دیا جا رہا ہے۔
لاہور سے روانگی کے موقع پر پارٹی قیادت کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
تاہم سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کے غیر ملکی دورے عموماً عوامی اور سیاسی حلقوں میں دلچسپی کا باعث بنتے ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملکی سیاست متحرک ہے۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں دو روزہ قیام کے بعد دونوں رہنماؤں کی لندن روانگی کا امکان ہے جہاں وہ کچھ عرصہ قیام کر سکتے ہیں۔
مزید تفصیلات ان کے آئندہ شیڈول کے سامنے آنے کے بعد واضح ہوں گی۔















