اسٹریٹجک تعلقات: پاک چین مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے

اسحاق ڈار سے سعودی عرب اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا
اپ ڈیٹ 30 دسمبر 2025 04:44pm

نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے چین کا دورہ کریں گے جس میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس دورے میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار کا دورۂ چین آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ ان کے اس دورے میں پاکستان اور چین کے درمیان اہم مذاکرات ہوں گے، جس میں دونوں ممالک کے اسٹریٹیجک تعلقات کاجائزہ لیا جائے گا۔

یہ مذاکرات پیر سے شروع ہوں گے، جس میں پاکستانی وفد کی قیادت اسحاق ڈار جبکہ چینی وفد کی قیادت چین کے وزیرِ خارجہ وانگ یی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے اِن اہم مذاکرات کے دوران خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔ مذاکرات میں دوطرفہ تجارت، معیشت، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کو آگے بڑھانے سے متعلق امور بھی ایجنڈے کا حصہ ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اس دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب ازبکستان کے صدر شوکت مرزییوف بھی فروری میں پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں۔

ازبکستان کےوزیرِ خارجہ سیدوف بختیار نے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے نئے سال کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ سیدوف بختیارنے ازبک صدر کے دورۂ پاکستان کی بھی تصدیق کی ہے۔

سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور اسحاق ڈارکے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال اور حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

شہزادہ فیصل بن فرحان نے اسحاق ڈار کو نئے سال کی مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔


china

CPEC

پاکستان

Pak China Friendship

pak china relation

Ishaq Dar China Visit