محبت کا جنون: ’بسنتی‘ شادی کے لیے ’ویرو‘ بن کر ٹاور پر چڑھ گئی
بھارتی فلم ’شعلے‘ کا ایک یادگار منظر نصف صدی بعد حقیقی زندگی میں اس وقت تازہ ہوگیا، جب میرٹھ میں لڑکی نے اپنے محبوب سے شادی کے مطالبے پر ہائی وولٹیج بجلی کے ٹاور پر چڑھ کر سب کو حیران کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بسنتی نامی خاتون نے ٹاور پر چڑھ کر کہا کہ وہ اس وقت تک اپنی جان نہیں چھوڑے گی جب تک اس کے محبوب ویرو سے شادی نہ ہو جائے۔ اس کے اقدام نے پولیس کو فوری طور پر حرکت میں آنے پر مجبور کیا، جو کئی گھنٹوں تک اسے نیچے اتارنے میں ناکام رہی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لڑکی کو نیچے اتارنے کی کوشش کی، تاہم اس نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر اس کی شادی ویرو سے نہ کرائی گئی تو وہ ٹاور سے چھلانگ لگا دے گی۔ کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس ڈرامائی منظر کے دوران پولیس بسنتی کو قائل کرنے میں ناکام رہی۔
بعد ازاں صورتحال کو سنبھالنے کے لیے اس کے محبوب ویرو کو بھی موقع پر بلایا گیا، جس کے بعد لڑکی قدرے مطمئن ہوئی اور پولیس اسے بحفاظت ٹاور سے نیچے اتارنے میں کامیاب ہو گئی۔
ایس ایچ او کے مطابق لڑکا اور لڑکی کی دوستی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی تھی اور دونوں شادی کرنا چاہتے ہیں، مگر مختلف برادریوں سے تعلق رکھنے کے باعث ان کے خاندانوں کی جانب سے رکاوٹیں سامنے آ رہی تھیں۔ اسی دباؤ اور مایوسی نے لڑکی کو انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال شادی کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ دونوں خاندانوں کو تھانے طلب کر کے بات چیت کی جا رہی ہے جبکہ لڑکی کی کونسلنگ بھی جاری ہے تاکہ آئندہ اس طرح کے خطرناک اقدامات سے بچا جا سکے۔ واقعے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ فلمی کہانیاں بعض اوقات حقیقی زندگی میں بھی حیران کن انداز میں سامنے آ جاتی ہیں۔















