آئی پی ایل تنازع؛ بنگلہ دیش کا ٹی 20 ورلڈکپ میچز بھارت سے منتقل کرانے کا فیصلہ
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو انڈین پریمیئر لیگ سے باہر کیے جانے کا فیصلہ سامنے آنے کے بعد رواں برس ٹی بھارت میں ہونے والے ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز کے مقامات تبدیل کرنے کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رجوع کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی دورہ بنگلہ دیش مؤخر کردیا ہے۔
انڈین پریمیئر لیگ میں شامل شاہ رخ خان کی ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کی جانب سے مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے باہر کرنے کے بعد پیدا ہونےوالا تنازع شدت اختیار کرگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے میچز کے مقامات کی تبدیلی کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بھارت کی سیاسی جماعتوں اور دیگر حلقوں کی جانب سے شدید دباؤ کے نتیجے میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 کے اسکواڈ سے باہر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز کو ہدایت کی تھی کہ موجودہ حالات کے پیشِ نظر وہ بنگلہ دیش کے کھلاڑی مستفیض الرحمان کو اسکواڈ سے خارج کریں۔ جس کے نتیجے میں بورڈ متبادل کھلاڑی کو شامل کرنے کی اجازت دے گا۔
یہ فیصلہ سامنے آنے کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں ٹیم کی سیکیورٹی سے متعلق خدشات کا اظہار کیا ہے اور اسی بنیاد پر ورلڈ کپ میچز کے لیے متبادل مقامات پر غور شروع کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارتی شہر کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں 7 فروری کو ویسٹ انڈیز، 9 فروری کو اٹلی اور 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف میچز شیڈول ہیں جبکہ 17 فروری کو نیپال کے خلاف میچ ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جانا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے مستفیض الرحمان کو بھارت میں کھیلنے کی اجازت نہ دینے کا معاملے سامنے پر بنگلہ دیش نے بھی بھارت میں اپنے کھلاڑیوں کی حفاظت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی بی کے ایک سینئر عہدیدار نے بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد معاملہ آئی سی سی کے پاس جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل میں شامل نہ کرنا بی سی سی آئی کا اندرونی معاملہ ہے تاہم ورلڈ کپ انٹرنیشنل ایونٹ ہے اور تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے حتمی فیصلہ آئی سی سی ہی کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش جلد ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے معاملے پر آئی سی سی سے بات کرے گا۔ انہوں نے اس تناظر میں پاکستان اور بھارت کے 2025 چیمپئنز ٹرافی کے میچز کا بھی حوالہ دیا، جب پاکستان نے بھارت کے انکار کے بعد ان کے ملک میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ہے یہ صورتحال مزید کشیدہ ہوتے دکھائی دے رہی ہے کیونکہ ایسی خبریں گردش کر رہی ہیں کہ بی سی سی آئی بھارت کے 2026 کے بنگلہ دیش کے دورے کو بھی عارضی طور پر معطل کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے ہوم سیزن کا اعلان کر رکھا ہے، جو مارچ 2026 میں شروع ہونا ہے۔ اس دورے میں بھارت کے ساتھ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی وائٹ بال سیریز شامل ہے۔ یہ سیریز دراصل 2025 کے لیے شیڈول تھی لیکن اسے مؤخر کردیا گیا تھا۔















