بیجنگ: اسحاق ڈار کی چین کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار چین کے دارالحکومت بیجنگ پہنچ گئے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر انہوں نے چینی وزیر لیو ہائیکسنگ سے ملاقات کی اور چینی کمیونسٹ پارٹی کی 20 ویں مرکزی کمیٹی کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے خطے کی موجودہ صورتحال اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت جاری منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور مستقبل میں دوستانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
فریقین نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کو مشترکہ طور پر شایان شان انداز میں منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں 2026 کے دوران مختلف تقریبات اور یادگاری سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں نائب وزیراعظم بھی شرکت کریں گے۔
اسحاق ڈار چین میں 7ویں پاکستان-چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت بھی کریں گے اور اس موقع پر پارٹی ٹو پارٹی روابط، خطے کی صورتحال اور اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر مزید پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔










