ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے بنگلادیش کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی قیادت لٹن داس ہی کریں گے جب کہ ابتدائی اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل جاکر علی کو ہٹا دیا گیا
شائع 04 جنوری 2026 06:21pm

بنگلہ دیش نے اگلے ماہ 7 فروری سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ شروع ہونے میں لگ بھگ ایک مہینہ باقی رہ گیا ہے اور اس میں شریک ٹیمیں اپنے اپنے اسکواڈز کا اعلان کر رہی ہیں۔ اب ایک اور ایشیائی ٹیم نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم کی قیادت لٹن داس ہی کریں گے جب کہ ابتدائی اعلان کردہ اسکواڈ میں شامل جاکر علی کو ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ بیٹنگ کے شعبے میں کپتان لٹن داس کے ساتھ تنزید حسن اور سیف حسن کو شامل کر کے اس کو مضبوط بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

میگا ایونٹ میں فاسٹ بولنگ کا شعبہ سینئر پیسرز مستفیض الرحمان اور تسکین احمد کی باگ دوڑ سنبھالیں گے، جہاں تنظیم حسن، شرف الاسلام اور محمد سیف الدین ان کی معاونت کے لیے موجود ہوں گے جب کہ رشاد حسین، نسیم احمد اور مہدی حسن اپنی گھومتی گیندوں سے حریف بلے بازوں کو چکرائیں گے۔

بنگلہ دیشی اسکواڈ

بنگلہ دیش کی ٹیم میں لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین ایمون، سیف حسن، توحید حیدر، شمیم حسین، قاضی نور الحسن سوہان، شک مہدی حسن، رشاد حسین، نسیم احمد، مستفیض الرحمان، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد، شرف الدین اور شرف الدین اسلام شامل ہیں۔

تاہم حالیہ بھارت بنگلہ دیش میں بڑھتی کشیدگی اور مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالے جانے کے فیصلے کے خلاف بنگلہ دیش بورڈ نے بھی اپنی ٹیم میگا ایونٹ کے لیے بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا ہے اور آئی سی سی سے پاکستان کی طرح اپنے میچز بھی نیوٹرل وینیو (سری لنکا) میں شیڈول کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا۔

بنگلہ دیش گروپ سی میں ہے اور وہ اپنی مہم کا آغاز 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کریں گے۔ وہ ممبئی میں نیپال کے خلاف گروپ مرحلے کے اختتام سے قبل کولکتہ میں ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور اٹلی سے کھیلے گی۔

Bangladesh

Cricket News

bangladesh cricket board

ICC Men’s T20 World Cup 2026

IPL2026

Bangladeshi player

bangladesh cricket team