اسحاق ڈار کا دورہ چین: سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق

اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7 ویں دور کا اعلامیہ جاری، پاک چین دوستی خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے لازمی قرار
اپ ڈیٹ 04 جنوری 2026 07:31pm

وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی دورہ چین کے دوران اہم ملاقاتیں ہوئی ہیں، بیجنگ میں دونوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت چینے پر اتفاق کرلیا ہے جب کہ پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7 ویں دور کا اعلامیے میں پاک چین دوستی کو خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے لازمی قرار دے دیا گیا۔

پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے 7 ویں دور کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں پاک چین دوستی کو خطے کے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چینی وزیرخارجہ وانگ یی کی دعوت پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاک چین سٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کی۔

وِزیرخارجہ اسحاق ڈاراور چینی وزیرخارجہ وانگ یی کی مشترکہ صدارت میں پاک چین تعلقات اور۔خطے کی صورت حال پر مشاورت کی گئی۔

اعلامیے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی تعاون اور عالمی سطح پر روابط کے فروغ پر اتفاق کیا جب کہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ میں پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطانق علاقائی اور عالمی سطح پر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سی پیک، تجارت، کثیرالجہتی تعاون اور عوامیتبادلوں پر بات چیت ہوئی۔

اس کے علاوہ پاک چین سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو احسن طریقے سے منانے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار کی اہم ملاقاتیں

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اتوار کو نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی دورہ چین میں بیجنگ میں اعلیٰ سطح کی سفارتی سرگرمیوں کے دوران اہم ملاقاتیں جاری ہیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کے وزیر لیو ہائی شنگ سے ملاقات کی اور اس موقع پر انہوں نے کمیونسٹ پارٹی کی 20ویں مرکزی کمیٹی کے چوتھے پلینری اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی۔

دونوں فریقین نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور مستقبل کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی ٹو پارٹی روابط، علاقائی صورت حال اور سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور اس کے علاوہ پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مشترکہ تقریبات کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چین کے ایگزیکٹو نائب وزیراعظم ڈِنگ شیو شیانگ سے بھی ملاقات کی، جس میں پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ نے چین کے بنیادی مفادات پر پاکستان کی مسلسل حمایت کو سراہا اور پاکستان کی قیادت و عوام کے لیے نئے سال کی نیک تمناؤں کا اظہار کیا جب کہ دونوں رہنماؤں نے سی پیک سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اسحاق ڈار ساتویں پاک چین اسٹریٹجک ڈائیلاگ کی مشترکہ صدارت کے لیے چین میں موجود ہیں۔

اسحاق ڈار کے مختلف رہنماؤں سے رابطے

وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور بنگلادیش کے مشیرخارجہ توحید حسین کے درمیان رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور خطے میں بدلتی صورت حال پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اسحاق ڈار اور بنگلہ دیش کے امورِ خارجہ کے مشیر توحید حسین کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ گفتگو میں ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ صورت حال پر بھی گفتگو کی گئی۔

دونوں فریقین نے علاقائی اور عالمی سطح پر بدلتی پیشرفت کے تناظر میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

اس سے قبل نائب وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ملائیشیا کے وزیرِ خارجہ محمد بن حاجی حسن اور مصر کے وزیر خارجہ بدر احمد محمد عبدالعاطی سے علیحدہ علیحدہ ٹیلی فون پر گفتگو ہوئی، جس میں مختلف شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

تمام فریقین نے مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

china

Ishaq Dar

Beijing

Wang Yi

Pak China Friendship

pak china relation

Chinese Foreign Minister Wang Yi

Senator Mohammad Ishaq Dar

Ishaq Dar China Visit

Ding Xuexiang