سہیل آفریدی کا کراچی دورہ: تاریخ اور سیاسی سرگرمیوں کا شیڈول جاری
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی 9 جنوری سے 11 جنوری تک کراچی کے دورے پر رہیں گے، اس دوران وہ سندھ کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے اور پارٹی کی سیاسی سرگرمیوں کی قیادت خود کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ کے ہمراہ صوبائی ارکان اسمبلی بھی موجود ہوں گے اور وہ پارٹی قیادت، جیل میں قید کارکنان اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کراچی پریس کلب بھی جائیں گے اور سیاسی اسٹریٹ مہم کے سلسلے میں مختلف علاقوں میں کارکنان کو متحرک کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کے خصوصی مشیر شفیع اللہ جان کے مطابق، اس دوران سہیل آفریدی سندھ کی صوبائی حکومت کے ارکان اور پارٹی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے اور پارٹی کے اندرونی امور اور سیاسی حکمت عملی پر غور کریں گے۔
وزیراعلیٰ کراچی کے دوران بار ایسوسی ایشن سے بھی خطاب کریں گے اور سندھ کے ہم منصب سے باضابطہ ملاقات کریں گے تاکہ صوبوں کے درمیان سیاسی تعلقات کو مضبوط بنایا جا سکے۔
شفیع اللہ جان کا کہنا ہے کہ قید میں موجود پارٹی قیادت کی رہائی ہر آئینی اور جمہوری فورم پر یقینی بنائی جائے گی اور وہ سیاسی انتقام اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو بھرپور سیاسی جدوجہد کے لیے متحرک کیا جا رہا ہے اور اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت وہ خود سنبھالیں گے تاکہ عوامی رابطے اور پارٹی کے منشور کی تشہیر کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
















