برطانیہ اور فرانس، یوکرین میں فوجی تعیناتی پر متفق
یوکرین، برطانیہ اور فرانس کے رہنماؤں نے یوکرین کے دفاع، تعمیرِ نو اور خطے میں اسٹریٹجک استحکام کے لیے کثیر القومی فورس کی تعیناتی سے متعلق ایک اعلامیے پر دستخط کر دیے ہیں۔
یوکرین میں امن معاہدے کے بعد سیکیورٹی صورتحال کو مستحکم بنانے کے لیے برطانیہ اور فرانس کی جانب سے افواج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پیرس میں ہونے والے اعلیٰ سطح اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے کے مطابق روس اور یوکرین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کی صورت میں یوکرین کے لیے ایک کثیرالملکی فورس تشکیل دی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ کثیرالملکی فورس یوکرین کے لیے سیکیورٹی ضمانتوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی اور ملک میں امن کے استحکام کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ فورس کی تعیناتی سے یوکرینی مسلح افواج کو اپنی طاقت بحال کرنے اور دفاعی صلاحیت کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
دوسری جانب امریکی حکام نے بھی اس معاہدے کو مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کثیرالملکی فورس کی تعیناتی سے روس کو یوکرین پر دوبارہ حملہ کرنے کا موقع نہیں ملے گا اور خطے میں امن قائم رکھنے میں مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق معاہدے کے تحت آئندہ کے لائحہ عمل اور فورس کی تعیناتی سے متعلق تفصیلات بعد میں طے کی جائیں گی۔












