شوگر، کمزوری اور ہڈیوں کے مسائل میں مددگار 5 ہرے پتوں والی سبزیاں

خاص سبز پتوں والی سبزیوں سے صحت کے کئی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
شائع 07 جنوری 2026 09:31am

صدیوں سے ہرے پتوں والی سبزیوں کو صحت بخش غذا کی بنیاد مانا جاتا ہے۔ ان میں فائبر، وٹامنز، معدنیات اور اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو جسم کو اندر سے مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

ذیابیطس، آئرن کی کمی، کمزور ہڈیاں اور نظامِ ہاضمہ کے مسائل جیسے عام امراض میں درست سبزیوں کا انتخاب قدرتی علاج ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرِ غذائیت دیپ شیکھا جین کے مطابق روزمرہ کی خوراک میں کچھ خاص سبز پتوں والی سبزیوں کو شامل کر کے صحت کے کئی مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ متوازن غذا نہ صرف جسم کو ضروری غذائیت فراہم کرتی ہے بلکہ ادویات پر انحصار بھی کم کر سکتی ہے۔

ذیابیطس کے لیے میتھی کے پتے

میتھی کے پتوں میں فائبر کی مقدار خاصی زیادہ ہوتی ہے جو کھانے کے بعد خون میں شوگر کی سطح کو اچانک بڑھنے سے روکتی ہے۔ اس کے علاوہ میتھی میں موجود قدرتی مرکبات انسولین کے اثر کو بہتر بناتے ہیں، جس سے جسم شوگر کو بہتر طریقے سے استعمال کرتا ہے۔

روزمرہ غذا میں میتھی کے پتوں کا مناسب استعمال ذیابیطس کے مریضوں کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے، تاہم مقدار میں اعتدال ضروری ہے۔

آئرن کی کمی میں چولائی

چولائی کے پتے آئرن، فولک ایسڈ اور وٹامن سی سے بھرپور ہوتے ہیں، جو خون کی کمی اور کم ہیموگلوبن کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ان غذائی اجزا کی بدولت جسم میں نئے سرخ خلیات بنتے ہیں اور کمزوری، تھکن اور چکر آنے جیسے مسائل میں کمی آتی ہے۔ باقاعدگی سے چولائی کا استعمال قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے میں بھی معاون ہے۔

کمزور ہڈیوں کو مضبوط بنانے کے لیے سووا

سووا کے پتوں میں کیلشیم، میگنیشیم اور فاسفورس پایا جاتا ہے جو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ بڑھتی عمر میں ہڈیوں کا کمزور ہونا ایک عام مسئلہ ہے، جس میں سووا کا استعمال ہڈیوں کی بھربھراہٹ کم کرنے اور فریکچر کے خطرے کو گھٹانے میں مدد دے سکتا ہے۔ یہ جوڑوں کی صحت کے لیے بھی فائدہ مند سمجھی جاتی ہے۔

پیٹ کی گیس اور اپھارے میں پودینہ

پودینہ قدرتی طور پر معدے کو ٹھنڈک اور سکون فراہم کرتا ہے۔ اس میں موجود اجزا ہاضمے کے نظام کو فعال کرتے ہیں، جس سے گیس، اپھارہ اور معدے کے درد میں آرام ملتا ہے۔ پودینے کا استعمال کھانے کے بعد بھاری پن کم کرتا ہے اور متلی کی شکایت میں بھی فائدہ دیتا ہے۔

وقت سے پہلے بال سفید ہونے پر کری پتہ

کری پتوں میں اینٹی آکسیڈنٹس، آئرن اور وٹامن بی کمپلیکس شامل ہوتے ہیں جو بالوں کی جڑوں کو مضبوط بناتے ہیں۔ ماہرینِ غذائیت کے مطابق یہ پتے کولیجن کی پیداوار کو سپورٹ کرتے ہیں، جس سے بالوں کی نشوونما بہتر ہوتی ہے اور وقت سے پہلے بال سفید ہونے کا عمل کسی حد تک سست ہو سکتا ہے۔ باقاعدہ استعمال بالوں کی چمک اور مضبوطی میں بھی اضافہ کرتا ہے۔

دیپ شیکھا جین کا کہنا ہے کہ اگر روزانہ کی غذا میں مختلف سبز پتوں والی سبزیاں شامل کی جائیں تو جسم کو قدرتی طور پر ضروری غذائی اجزاء ملتے ہیں اور کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔ کسی بھی خاص بیماری کی صورت میں ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

removed

Amazing Benefits

Common health problems

5 leafy vegetables