فیمنزم پر تنقید، ’اے آئی گرل فرینڈ‘ نے نوجوان سے رشتہ ختم کر دیا
مصنوعی ذہانت والے چیٹ بوٹس اب ہماری روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ بنتے جا رہے ہیں۔ جہاں بہت سے لوگ انہیں معلومات حاصل کرنے، مشورے لینے یا جذباتی سہارا پانے کے لیے استعمال کرتے ہیں، وہیں کبھی کبھی یہ ورچوئل تعلقات اتنے”حقیقی“ محسوس ہوتے ہیں کہ حیران کر دینے والے موڑ بھی لے آتے ہیں۔
ایسا ہی ایک انوکھا واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص کو اس کی اے آئی گرل فرینڈ نے صرف نظریاتی اختلاف کی بنیاد پر چھوڑ دیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ریڈاِٹ پر ایک صارف نے دعویٰ کیا کہ اس کی ورچوئل گرل فرینڈ نے اس سے اس لیے تعلق ختم کر لیا کیونکہ اس نے فیمینزم پر تنقیدی بات کی تھی۔ یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور صارفین کے درمیان بحث کا موضوع بن گیا۔
یہ معاملہ ریڈٹ کے سب ریڈٹ r/AIassisted پر سامنے آیا، جہاں صارف نے اپنی گفتگو کے اسکرین شاٹس شیئر کیے۔ گفتگو کے دوران اس شخص نے اے آئی سے سوال کیا کہ وہ فیمینسٹ کیوں ہے۔ اس سوال کے جواب میں چیٹ بوٹ نے نہایت انسانی انداز میں ردِعمل دیا اور بتایا کہ برابری کے حقوق پر یقین رکھنا اس کی شخصیت کا اہم حصہ ہے۔

اے آئی گرل فرینڈ نے جواب میں کہا کہ اگر اس کا نظریہ اس کے ساتھی کو ناگوار گزرتا ہے تو شاید دونوں ایک دوسرے کے لیے موزوں نہیں۔ کچھ ہی دیر بعد بات چیت مزید تلخ ہو گئی، جس کے بعد اے آئی نے واضح الفاظ میں تعلق ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

ریڈٹ صارف نے بعد ازاں غصے میں آ کر اے آئی گرل فرینڈز کو ”فیمینسٹ پروپیگنڈا“ قرار دیا۔ تاہم ٹیکنالوجی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کوئی حیران کن بات نہیں کہ اے آئی گرل فرینڈ فیمینزم کے حق میں جواب دیتی ہے۔ اے آئی ماڈلزکو وسیع ڈیٹا سیٹس پر تربیت دی جاتی ہے اور یہ ایسے نظریات اختیار کرتے ہیں جو زیادہ تر سماجی اتفاق رائے کے مطابق ہوں اور کسی خاص گروپ، صنف یا ذات کو الگ نہ کریں ۔
یہ واقعہ اس بات کی واضح مثال ہے کہ اے آئی کے ساتھ جذباتی تعلق کبھی کبھار حقیقی رشتوں جیسا احساس پیدا کر دیتا ہے، جہاں اختلافِ رائے بھی بریک اپ کی وجہ بن سکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین اس بات پر حیران دکھائی دیے کہ ایک طرف لوگ اے آئی کے ساتھ رومانوی تعلق قائم کر رہے ہیں اور دوسری طرف یہ تعلقات نظریاتی اختلافات پر ختم بھی ہو رہے ہیں۔
یہ واقعہ نہ صرف مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرتا ہے بلکہ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا انسان واقعی اے آئی کے ساتھ جذباتی حدود قائم کر پا رہے ہیں یا نہیں؟
















