’دھمکی آمیز بیانات کسی صورت قبول نہیں‘: ترجمان پاک فوج کی پریس کانفرنس پر افغان طالبان کا ردعمل

دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اور سنجیدہ بیانات کی روش اختیار کی جائے: ذبیح اللہ مجاہد
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 01:51pm

افغانستان نے پاکستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دھمکی آمیز بیانات افغان قوم کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ افغانستان کی عبوری طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ترجمان پاک فوج کے بیانات کو ”حقائق کے منافی“ اور ”ذمہ دار عسکری منصب کے تقاضوں سے متصادم“ قرار دیا۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ”پاکستانی فوج کے حالیہ بیانات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ ایک ذمہ دار عسکری منصب کے تقاضوں کے بھی برخلاف ہیں“۔

انہوں نے بدھ کو سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ”افغانستان ایک خودمختار اور مستحکم ملک ہے، جو ایک مضبوط سیکیورٹی ڈھانچے اور مقتدر قیادت کا حامل ہے اور اپنی پوری سرزمین پر مکمل حاکمیت رکھتا ہے“۔

ذبیح اللہ مجاہد نے مزید لکھا کہ “ہم واضح الفاظ میں کہنا چاہتے ہیں کہ افغانستان کے داخلی معاملات میں دخل اندازی اور دھمکی آمیز بیانات افغان قوم کے لیے کسی صورت قابل قبول نہیں“۔

انہوں نے کہا کہ ”امارت اسلامیہ افغانستان پاکستان کے متعلقہ اداروں سے اپیل کرتی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ طرز عمل اور سنجیدہ بیانات کی روش اختیار کریں“۔

واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے منگل کو پریس کانفرنس میں بتایا تھا کہ گذشتہ برس پاکستان میں دہشتگردی کے 5400 واقعات ہوئے اور سیکیورٹی فورسز نے 2597 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشتگرد تنظیمیں، جن میں القاعدہ، داعش، بی ایل اے اور دیگر شامل ہیں، افغانستان میں پرورش پا رہی ہیں اور وہاں سے پاکستان میں حملوں میں ملوث ہو رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ گذشتہ برس دہشتگردی کے 10 بڑے واقعات میں افغان شہری شامل تھے اور افغانستان پوری دنیا کے دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔

ترجمان پاک فوج نے دعویٰ کیا کہ شام سے 2500 کے قریب غیر ملکی دہشتگرد حال ہی میں افغانستان پہنچے ہیں۔

انہوں نے دہشتگرد حملوں کی تفصیلات دیتے ہوئے جعفر ایکسپریس، ایف سی ہیڈکوارٹرز بنوں اور کیڈٹ کالج وانا جیسے حملوں کا ذکر بھی کیا تھا۔

afghanistan

DG ISPR

afghan taliban

zabihullah mujahid

Afghan Terrorism in Pakistan