وینزویلا کے آئل ٹینکر کی حفاظت کے لیے روسی آبدوز اور جہاز روانہ

روس جہاز کے تعاقب سے باز رہے، روس کا امریکا کو انتباہ
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 01:37pm

روس نے بحرِاوقیانوس میں موجود بیلاون آئل ٹینکر کی حفاظت کے لیے فوری کارروائی کرتے ہوئے اپنی بحریہ کو احکامات جاری کر دیے ہیں اور آئل ٹینکر کے گرد اضافی بحری دستے اور آبدوزیں روانہ کر دی گئی ہیں۔

سی بی ایس نیوز کے مطابق روس نے اپنے تیل بردار بحری جہاز کو ممکنہ امریکی حملے سے بچانے کے لیے فوری طور پر کارروائی شروع کردی ہے، اور اپنی بحریہ کو احکامات جاری کر دیے۔ روس نے جہاز کے گرد اضافی کشتیاں تعینات کر دی ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔

امریکی حکام نے سی بی ایس نیوز کو بتایا کہ واشنگٹن اس جہاز کو نقصان پہنچانے یا ڈبونے کی بجائے قبضے میں لینا چاہتا ہے۔ یہ جہاز اس وقت خالی ہے، لیکن ماضی میں وینزویلا سے خام تیل کی ترسیل میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔

دوسری جانب روس نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس معاملے میں مداخلت سے باز رہے اور جہاز کے تعاقب سے فوری طور پر دستبردار ہو جائے، امریکا کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیاں خطے میں کشیدگی کو مزید بڑھا سکتی ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ وینزویلا میں داخل ہونے والے اور وہاں سے نکلنے والے تیل بردار جہازوں پر پابندیاں لگانے اور ان کی ناکابندی کرنے کے احکامات دیے تھے، جسے وینزویلا کی حکومت نے ’چوری اور ناقابل قبول اقدام‘ قرار دیا۔

سابق صدر نکولس مادورو کی گرفتاری سے قبل ٹرمپ نے الزام لگایا کہ وینزویلا کی حکومت جہازوں کے ذریعے امریکہ میں منشیات اسمگل کر رہی ہے۔

گذشتہ ماہ امریکی کوسٹ گارڈ نے کیریبین میں بیلاون نامی جہاز کو روکنے کی کوشش کی، جب یہ وینزویلا کی طرف جا رہا تھا۔ امریکی حکام نے اسے پابندیوں کی خلاف ورزی اور ایرانی تیل کی ترسیل کا الزام دیا۔ بعد میں جہاز نے راستہ اور نام تبدیل کر کے ’مارینیرا‘ رکھ لیا اور مبینہ طور پر گویانا کے پرچم سے روسی پرچم میں منتقل ہو گیا۔

امریکی حکام کے مطابق یورپ کی جانب جہاز کی پیش قدمی کے ساتھ ہی تقریباً 10 امریکی فوجی ٹرانسپورٹ طیارے اور ہیلی کاپٹر بھی وہاں پہنچے۔

منگل کو امریکی فوج کی ’سدرن کمانڈ‘ نے کہا کہ وہ پابندی شدہ جہازوں اور متعلقہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے مکمل تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہماری بحریہ متحرک اور تیار ہے، جب بھی حکم آئے گا ہم اس پر عملدرآمد کے لیے پہنچ جائیں گے۔‘

یہ کشیدگی بحرِاوقیانوس میں روس اور امریکہ کے درمیان بڑھتی ہوئی تناؤ کی نشاندہی کرتی ہے، جہاں بیلاون آئل ٹینکر کے مستقبل پر بین الاقوامی سطح پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

russia

oil tanker

submarines