پی ایس ایل 11 کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی، ممکنہ خریدار کون؟

اس نیلامی کے عمل میں ملک کی دس بڑی کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے
اپ ڈیٹ 08 جنوری 2026 10:11am

پاکستان سُپر لیگ سیزن الیون کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی آج اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی، نئی ٹیموں کی نیلامی جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوگی، جس کا باقاعدہ آغاز شام 4 بج کر 15 منٹ پر کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق اس نیلامی کے عمل میں ملک کی دس بڑی کمپنیوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع ہے، جو پی ایس ایل کی نئی فرنچائزز حاصل کرنے کے لیے بولی لگائیں گی۔

نیلامی میں ایم نیکسٹ، ڈہرکی شوگر ملز، ایف کے ایس، پرزم ڈیولپرز، انوریکس سولر، جاز، آئی ٹوسی، ولی ٹیکنالوجیز، ویگو ٹیل اور اوزی ڈویلپرز شرکت کریں گے، جو پی ایس ایل میں سرمایہ کاری کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔

پی سی بی حکام کے مطابق پی ایس ایل سیزن 11 میں ٹیموں کی تعداد 6 سے بڑھا کر 8 کر دی جائے گی، جس سے لیگ کا دائرہ مزید وسیع ہوگا اور شائقینِ کرکٹ کو مزید دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔

ذرائع کے مطابق نئی فرنچائزز کے لیے فیصل آباد، گلگت، حیدرآباد، مظفرآباد، راولپنڈی اور سیالکوٹ کو ممکنہ شہروں کے طور پر زیر غور لایا جا رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ نیلامی کے بعد کیا جائے گا۔

نیلامی کی تقریب کے بعد معروف گلوکار راحت فتح علی خان کی خصوصی پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی، جبکہ پاکستان شاہینز اور ہانگ کانگ سپر سکسز کی فاتح ٹیموں کو انعامات بھی دیے جائیں گے۔

پی ایس ایل کی اس توسیع کو پاکستان کرکٹ کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی بلکہ تجارتی اور تفریحی سرگرمیوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

پی ایس ایل سیزن 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی 2026 تک کیا جائے گا۔

Pakistan Super League

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

psl 11

psl auction

PSL New Teams

new franchises