وزیراعظم کا بلوچستان میں 5 دانش اسکول اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کا اعلان
وزیراعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں 5 دانش اسکول اور کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کا اعلان کردیا ہے۔
جمعرات کے روز وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے، جہاں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور اراکین پارلیمنٹ نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے گورنر بلوچستان جعفر مندوخیل سمیت دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورت حال اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بچے انتہائی باصلاحیت ہیں، بلوچستان میں دانش اسکول کا منصوبہ شروع کررہے ہیں، بلوچستان میں 5 دانش اسکول بنانے جارہے ہیں، بلوچستان میں ترقی کا سفر آگے لے کرجائیں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کوئٹہ کراچی روڈ کا سنگ بنیاد رکھنے جارہے ہیں، 300 ارب کی لاگت سے 4 رویہ سڑک تعمیرکی جائے گی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئیں تو منافع اس منصوبے کے لیے رکھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان پاکستان کا خوبصورت حصہ ہے، بلوچستان کی قیادت نے این ایف سی میں اضافے کا مطالبہ کیا، پنجاب نے اپنے حصے سے بلوچستان کو فنڈز فراہم کیے، پنجاب نے 11 ارب روپے اپنے حصے سے بلوچستان کو دیے۔
وزیراعظم نے چیف آف بگٹی قبائل منتخب ہونے پر سرفراز بگٹی کو مبارکباد دی اور کہا کہ چیلنجز کے باوجود سیاسی قیادت عوام کی خدمت میں مصروف ہے، کابینہ ارکان اور سیاسی قیادت مبارکباد کی مستحق ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ الخوارج کو ہمسایہ ممالک سے سپورٹ حاصل ہے، سیکیورٹی فورسز، عوام کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دہشت گردی کے باعث بلوچستان میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، دہشت گردی کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل اور ان کے وفقا کی محنت سے بلوچستان میں امن بحال ہورہا ہے، فیلڈ مارشل دہشت گردی کے خلاف جنگ کو لیڈ کررہے ہیں، فیلڈ مارشل، رفقا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، فیلڈ مارشل نے بھارت کو جنگ میں تاریخی سبق سکھایا۔
اس سے قبل وزیراعظم شہبازشریف نے امن وامان سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ سرفرازبگٹی نے سیکیورٹی صورت حال اور بلوچستان میں جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔














