نئی پی ایس ایل فرنچائز ’حیدرآباد‘ کے مالک فواد سرور کون ہیں؟
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مارچ میں شروع ہونے والے گیارہویں سیزن میں دو ٹیموں کا اضافہ ہوگیا ہے، جہاں اَب چھ کے بجائے آٹھ ٹیمیں میدان میں نظر آئیں گی۔
جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہونے والی تقریب میں دو نئی فرنچائزز کی نیلامی کامیابی سے مکمل ہوئی۔ اس دوران سیالکوٹ کی فرنچائز ایک ارب 85 کروڑ روپے جبکہ حیدرآباد کی فرنچائز ایک ارب 75 کروڑ روپے میں فروخت ہوئی۔
امریکی کمپنی ایف کے ایس گروپ نے ایک ارب 75 کروڑ روپے کی سب سے زیادہ بولی لگا کر ساتویں فرنچائز اپنے نام کی، جسے عارضی طور پر حیدرآباد سے منسوب کیا گیا ہے جبکہ ٹیم کا حتمی نام بعد میں طے کیا جائے گا۔
حیدرآباد کی ٹیم خریدنے والے ایف کے ایس گروپ کے مالک فواد سرور پاکستانی نژاد ہیں اور وہ گزشتہ 20 برس سے امریکا میں مقیم ہیں۔
فواد سرور کا تعلق حیدرآباد سے ہی ہے۔ نیلامی کے دوران جب میزبان نے ان سے پوچھا کہ نئی ٹیم کے لیے دستیاب چھ ناموں میں کس نام کا انتخاب کریں گے تو انہوں نے حیدرآباد کو منتخب کیا۔
فواد سرور حیدرآباد میں ہی پیدا ہوئے اور انہوں نے ابتدائی تعلیم بھی اسی شہر میں حاصل کی۔ اس وقت وہ امریکی شہر ٹیکساس میں مقیم ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ اپنے آبائی شہر سے ان کا جذباتی رشتہ آج بھی برقرار ہے۔
نئی فرنچائز کے حقوق حاصل کرنے کے بعد فواد سرور نے کہا کہ پی ایس ایل میں حیدرآباد کی نمائندگی ان کا دیرینہ خواب تھا جو اب پورا ہو گیا ہے۔ پاکستان کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ کا حصہ بننا میرے لیے ذاتی کامیابی اور میرے شہر کے لیے فخر کی بات ہے۔
ایف کے ایس گروپ کیا کرتا ہے؟
ایف کے ایس گروپ (فشیندو کوسوما سیجھاترا) ایک عالمی ہولڈنگ کمپنی ہے جس کا مرکزی دفتر انڈونیشیا میں ہے۔ ابتدا میں یہ کمپنی انڈونیشیا میں مچھلی کی خوراک اور تیل کی پیداوار سے وابستہ تھی، تاہم وقت کے ساتھ یہ گروپ ایک بہت بڑی ہولڈنگ کمپنی بن گیا اور آج اس کی سرگرمیاں پاکستان اور امریکا سمیت مختلف ممالک میں پھیلی ہوئی ہیں۔
یہ گروپ زراعت، خوراک، انفراسٹرکچر، ایوی ایشن اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرتا ہے اور انڈونیشیا میں خوراک اور فیڈ کے اجزا فراہم کرنے والا بڑا سپلائر سمجھا جاتا ہے۔ فواد سرور اس گروپ میں بطورِ صدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
فواد سرور امریکا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی سرگرم ہیں اور کنگزمین کرکٹ برانڈ کے مالک اور منیجر ہیں۔ ان کی ٹیم شکاگو کنگزمین نے 2024 میں مائنر لیگ کرکٹ چیمپئن شپ جیتی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز فروری 2016 میں ہوا تھا۔ ابتدائی طور پر اس لیگ میں 5 ٹیمیں شامل تھیں۔ 2018 میں تیسرے سیزن کے دوران ملتان کو چھٹی ٹیم کے طور پر شامل کیا گیا تھا، جسے شون پراپرٹیز نے 5.2 ملین امریکی ڈالر (اُس وقت کے تقریباً 55 کروڑ روپے) میں خریدا تھا۔
بعد ازاں شون پراپرٹیز معاہدے کی مالی ذمہ داریاں پوری نہ کر سکی، جس پر پی سی بی نے فرنچائز کا معاہدہ منسوخ کر دیا۔ اسی سال یہ ٹیم عالمگیر خان ترین گروپ نے 6.35 ملین ڈالر (اس وقت کے تقریباً 80 کروڑ پاکستانی روپے) میں دوبارہ خریدلی تھی۔
تاہم اب دو نئی فرنچائزز کی ریکارڈ نیلامی کے بعد سیالکوٹ پی ایس ایل کی سب سے مہنگی جبکہ حیدرآباد دوسری مہنگی ترین ٹیم بن گئی ہے۔















