ایران پر حملے کا خدشہ، پینٹا گون کے گرد پیزا کے آرڈر بڑھ گئے

وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک معنی خیز پیغام بھی جاری کیا گیا ہے۔
اپ ڈیٹ 12 جنوری 2026 05:56pm
علامتی تصویر: اے آئی
علامتی تصویر: اے آئی

امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، جس کے باعث عالمی سطح پر تشویش پائی جا رہی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایرانی فضائی حدود کے قریب امریکی فوجی طیاروں کی پروازوں نے یہ سوال کھڑا کر دیا ہے کہ آیا امریکا ایران کے خلاف کسی بڑے فوجی اقدام کی تیاری کر رہا ہے؟ ان پروازوں کو خطے کی بدلتی صورتحال سے جوڑا جا رہا ہے اور مختلف حلقوں میں اسے خطرے کی گھنٹی قرار دیا جا رہا ہے۔

واشنگٹن میں ایک دلچسپ مگر سنجیدہ اشارہ بھی سامنے آیا ہے جہاں پینٹاگون کے قریب واقع پیزا شاپس کو غیر معمولی طور پر مصروف دیکھا گیا۔

ماضی میں یہ روایت رہی ہے کہ جب امریکا کسی بڑے فوجی آپریشن کی تیاری کرتا ہے تو دفاعی اداروں میں کام کا دباؤ بڑھنے کے باعث ان علاقوں میں پیزا آرڈرز میں اضافہ ہو جاتا ہے۔

مبصرین کے مطابق یہ محض اتفاق بھی ہو سکتا ہے، تاہم موجودہ حالات میں اسے نظر انداز نہیں کیا جا رہا۔

اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی فضائیہ کے متعدد طیارے ایران کی فضائی حدود کے قریب دیکھے گئے ہیں، جن میں ایندھن فراہم کرنے والے طیارے اور بی ففٹی ٹو بمبار شامل ہیں۔

ان طیاروں کی نقل و حرکت نے خطے میں پہلے سے موجود بے چینی کو مزید بڑھا دیا ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک معنی خیز پیغام بھی جاری کیا گیا ہے جس میں امریکی فوج کے لیے دعا کی گئی۔

پیغام میں کہا گیا کہ خدا امریکی افواج اور امریکا کی حفاظت کرے، اور اس بات کا اشارہ دیا گیا کہ ایک نیا مرحلہ شروع ہونے والا ہے۔

اس پیغام کے ساتھ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر بھی شیئر کی گئی جس پر امریکا کو ایک بار پھر عظیم بنائیں گے کی عبارت درج تھی۔

عرب میڈیا نے امریکی انتظامیہ کے دو اعلیٰ عہدیداروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو منگل کے روز ایران سے متعلق فوجی اور غیر فوجی آپشنز پر خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔

ان آپشنز میں سفارتی اقدامات کے ساتھ ساتھ سخت ردعمل کے امکانات بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

مجموعی طور پر صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور امریکا و ایران کے درمیان آئندہ دنوں میں کیا پیش رفت ہوتی ہے، اس پر دنیا کی نظریں جمی ہوئی ہیں۔

فی الحال دونوں جانب سے براہ راست حملے کی تصدیق نہیں کی گئی، تاہم حالیہ سرگرمیاں اس بات کا عندیہ دے رہی ہیں کہ خطہ ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔

Pentagon

Iran Protest

Pizza

IRANI PRESIDENT

President Donald Trump

Pizza Orders

iran inflation

Iran Unrest

Iran Protests

Iran's Supreme Leader

Iran Crisis

Iran Revolution

Iranian Security Forces

US Strike on Iran

Iran Instability

US Preparing to Attack Iran

Iranian government