بگ بیش لیگ: محمد رضوان کی بیٹنگ سے مینجمنٹ ناخوش، معاملہ کیا ہے؟
بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی کارکردگی سے میلبرن رینیگیڈز کی ٹیم منیجمنٹ ناخوش ہے جب کہ ٹیم کے کپتان نے سڈنی تھنڈرز کے خلاف سست بیٹنگ کرنے پر محمد رضوان کو دوران بیٹنگ 2 اوورز قبل ہی میدان سے واپس بلالیا ہے۔
آسٹریلیا میں بگ بیش لیگ جاری ہے اور اس لیگ میں کئی پاکستانی کرکٹرز کھیل رہے ہیں، قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اس لیگ میں میلبرن رینیگیڈز کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
آج سڈنی تھنڈرز اور میلبرن رینیگیڈز کے درمیان میچ کھیلا کیا گیا، میلبرن کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے۔
تاہم میچ کے دوران اس وقت ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا جب پاکستان کے اسٹار بیٹر محمد رضوان کو سست بیٹنگ کی وجہ سے حکمت عملی کے تحت ریٹائرڈ آؤٹ کر دیا گیا۔ میلبرن رینیگیڈز کے کپتان سدر لینڈ نے فوری طور پر رضوان کو گراونڈ سے باہر بلایا اور ان کی جگہ خود بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔
محمد رضوان نے اس میچ میں میں 23 گیندوں پر صرف 26 رنز بنائے، جن میں انہوں نے 9 گیندیں بغیر کوئی رن بنائے کھیلیں اور یہی وجہ بنی کہ کپتان نے انہیں ٹائم کے حساب سے ریٹائرڈ آؤٹ کرنے کا فیصلہ کیا، اس وقت ٹیم کا اسکور 18 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز تھا۔
تاہم رضوان کی جگہ خود بیٹنگ کرنے آنے والے کپتان سدرلینڈ صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے اور رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جب کہ ملیبرن کی ٹیم نے آخری 2 اوورز میں صرف 16 رنز کا ہی مجموعی اسکور میں اضافہ کیا۔
اس موقع پر کمنٹری باکس میں موجود سابق آسٹریلوی کرکٹر نے بھی کپتان کے فیصلے کی حمایت کی اور کہا کہ یہ اقدام دو اوورز پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا۔ واضح رہے کہ محمد رضوان اب تک بی بی ایل میں کوئی بڑی اننگ کھیلنے میں ناکام رہے ہیں۔
میلبرن رینیگیڈز کے کپتان سدر لینڈ کی جانب سے یہ فیصلہ سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا اور کئی لوگوں نے رضوان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے تو یہ تجویز بھی دی کہ انہیں فوری طور پر ٹی 20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لینی چاہیے۔
مظہر ارشد نے لکھا کہ رضوان وہ پہلے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں جنہیں 20 اوورز کی ٹی 20 کرکٹ میں حکمت عملی کے تحت ریٹائرڈ آؤٹ کیا گیا۔
ارفع فیروز نے لکھا کہ مایک ہیسن اور سلیکشن کمیٹی کو کبھی جوابدہ نہیں ٹھہرایا گیا کہ انہوں نے محمد رضوان کو بغیر کسی وجہ کے ٹیم سے خارج کیا۔ یہ متنازعہ فیصلہ نہ صرف اعتماد کو ٹھیس پہنچا چکا ہے بلکہ رضوان کی کارکردگی پر بھی منفی اثر ڈال چکا ہے۔
وقاص نامی صارف نے لکھا کہ یہ وہ کھلاڑی ہے جسے ہر کوئی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے واپس چاہتا ہے۔
ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ ہمارے معروف اسٹار کھلاڑی بابر، رضوان اور شاہین اس ٹورنامنٹ میں مکمل طور پرشرمندگی کا سبب بنے ہیں۔
رابعہ نامی صارف نے کہا کہ یہ واقعی شرمناک ہے، رضوان کو دوبارہ ٹی20 کرکٹ میں جگہ نہیں ملنی چاہیے۔
















