ٹی 20 ورلڈ کپ: بنگلہ دیش کا بھارت میں میچز کھیلنے پر آئی سی سی کو واضح جواب

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی کے درمیان ویڈیو کانفرنس، دونوں فریق حل نکالنے میں ناکام
اپ ڈیٹ 14 جنوری 2026 11:38am

ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلہ دیش نے بھارت میں میچز کھیلنے سے صاف انکار کر دیا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر سات میچز کسی اور ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کر دیا، تاہم آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والا ویڈیو لنک اجلاس کسی فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ کے سلسلے میں بھارت میں میچز کھیلنے کے معاملے پر بنگلہ دیش اور آئی سی سی کے درمیان ڈیڈ لاک برقرار ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ بھارت میں اپنے میچز نہیں کھیلے گا اور اس مؤقف پر قائم ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی سی سی اور بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے درمیان ویڈیو لنک کے ذریعے اہم اجلاس ہوا، جس میں بھارت میں میچز کے انعقاد پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں بنگلہ دیش نے ایک بار پھر مؤقف اختیار کیا کہ پورے بھارت میں سیکیورٹی کے سنگین خدشات موجود ہیں، اس لیے ٹیم کا وہاں جانا محفوظ نہیں۔

بی سی بی حکام نے متبادل وینیوز کی تجاویز بھی مسترد کر دیں اور کہا کہ مجموعی طور پر بھارت جانا ہی خطرے سے خالی نہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے مطالبہ کیا کہ اس کے سات میچز بھارت کے بجائے کسی دوسرے ملک منتقل کیے جائیں۔

اجلاس میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا، جس کے بعد آئی سی سی نے بنگلہ دیش سے اپنے مؤقف پر نظرثانی کی درخواست کی۔ تاہم دونوں فریقین نے بات چیت جاری رکھنے اور مسئلے کا حل نکالنے پر اتفاق کیا ہے۔

india

ICC

ICC T20 World Cup

bangladesh cricket board

ICC Men’s T20 World Cup 2026

Bangladesh Cricketers