سکھ رہنما کی جان کو بھارتی ایجنٹوں سے خطرہ، برطانوی ایجنسی کا انتباہ

ہردیپ سنگھ نجر،گرپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی رہ چکے ہیں
شائع 14 جنوری 2026 10:18am

برطانیہ میں مقیم سکھ رہنما پرم جیت سنگھ پما کی جان کو بھارتی ایجنٹوں سے سنگین خطرات لاحق ہونے کا انکشاف کے بعد برطانیہ کی پریمیم انٹیلیجنس ایجنسی ایم آئی فائیو نے سکھ رہنما کو باقاعدہ طور پر خبردار کرتے ہوئے فوری حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔

سکھ رہنما اور خالصتان ریفرنڈم مہم کے یوکے اور یورپ کے کوآرڈینیٹر پرم جیت سنگھ پما کی جان کو بھارتی ایجنٹوں سے سنگین خطرہ لاحق ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

برطانوی انٹیلیجنس ایجنسی ایم آئی فائیو نے پرم جیت سنگھ پما کو اس خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ایم آئی فائیو کا کہنا ہے کہ پرم جیت سنگھ پما کو لاحق خطرات اس قدر سنجیدہ ہیں کہ وہ ساؤتھ آل میں واقع اپنے گھر میں بھی قیام نہیں کر رہے۔ سیکیورٹی خدشات کے باعث انہیں اپنا موجودہ رہائشی مقام کسی کے ساتھ شیئر کرنے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق پرم جیت سنگھ پما خالصتان ریفرنڈم مہم کے اہم رہنما ہیں اور یوکے و یورپ میں اس مہم کی کوآرڈینیشن کی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ وہ اس سے قبل مقتول سکھ رہنماؤں ہردیپ سنگھ نجر اور گرپتونت سنگھ پنوں کے قریبی ساتھی بھی رہ چکے ہیں۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پرم جیت سنگھ پما کی مودی حکومت کے حامیوں سے تلخ کلامی اور تکرار کا واقعہ بھی پیش آیا تھا، جس کے بعد سیکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے۔

برطانوی انٹیلیجنس ایجنسی کی جانب سے پرم جیت سنگھ پما کو محتاط رہنے اور حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ خطرات کے حوالے سے نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔

SIKH LEADER

INDIAN AGENTS

SIKHS FOR JUSTICE

Life Threat

British agency