پنجاب کے سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر پابندی

صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں خریدنے کی اجازت ہوگی
شائع 14 جنوری 2026 10:46am

پنجاب حکومت نے سرکاری محکموں میں ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کی خریداری پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

لاہور میں چیف سیکرٹری کی زیر صدارت اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے تمام سرکاری محکموں میں پیٹرول اور ڈیزل سے چلنے والی گاڑیوں کی خریداری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ آئندہ سرکاری سطح پر صرف الیکٹرک یا ہائبرڈ گاڑیاں ہی خریدی جا سکیں گی۔

حکام کے مطابق فیلڈ ڈیوٹی پر مامور گاڑیوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، تاہم دیگر تمام محکموں کو نئی پالیسی پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ چیف سیکرٹری نے بتایا کہ صوبے میں نئی الیکٹرک وہیکل پالیسی جلد متعارف کرائی جائے گی۔

دوسری جانب نئے پیٹرول پمپس کے قیام کے لیے این او سی کو الیکٹرک چارجنگ یونٹ کی تنصیب سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ چیف سیکرٹری کے مطابق بغیر الیکٹرک چارجنگ یونٹ کے کسی بھی نئے پیٹرول پمپ کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ اور گرین انرجی کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

چیف سیکرٹری نے مزید بتایا کہ صوبے کے 31 شہروں میں 170 نئے پیٹرول پمپس کو این او سی جاری کیے گئے ہیں، تاہم فیصل آباد، لاہور، بہاولپور سمیت مختلف شہروں میں الیکٹرک چارجنگ یونٹس کی تنصیب لازمی قرار دی گئی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی بلکہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو بھی فروغ ملے گا۔

پاکستان

punjab

Petrol

Ban

diesel

vehicles

purchase